امریکی ریاست پنسلوینیا کے شہر پٹسبرگ کے قریب واقع یو ایس اسٹیل پلانٹ میں ایک ہولناک دھماکے نے پورے علاقے کو ہلا کر رکھ دیا۔ اس دلخراش واقعے میں 2 افراد جاں بحق اور کم از کم 10 زخمی ہوئے جبکہ دھماکے سے پلانٹ کی وسیع و عریض عمارت کو شدید نقصان پہنچا۔
سرکاری کے حکام کے مطابق یہ حادثہ صبح 10:51 بجے پیش آیا جب کلیئرٹن کے قریب واقع اس اسٹیل پلانٹ میں اچانک دھماکہ ہوا جس کے بعد کئی چھوٹے دھماکوں کی آوازیں بھی سنائی دیں۔دھماکے کی شدت اتنی زبردست تھی کہ قریبی کمیونٹی میں زمین لرز اٹھی اور لوگوں نے اسے گرج چمک کی طرح محسوس کیا۔
ایک مقامی رہائشی نے بتایا کہ یہ دھماکہ اتنا شدید تھا کہ اس نے میری سانسوں کو ہلا دیا اور قریبی عمارتوں کو بھی لرزا دیا۔ جب ہم نے اسٹیل پلانٹ سے سیاہ دھواں اٹھتا دیکھا تو ہمیں اندازہ ہوا کہ کچھ بڑا حادثہ پیش آ گیا ہے۔”
یو ایس اسٹیل کے چیف مینوفیکچرنگ آفیسر سکاٹ بکیسو نے ایک پریس کانفرنس میں بتایا کہ کمپنی ابھی تک دھماکے کی وجہ معلوم کرنے کی کوشش کر رہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ پلانٹ کے ملازمین نے فوری کارروائی کرتے ہوئے زخمیوں کو بچانے، گیس کی سپلائی بند کرنے اور جگہ کو محفوظ بنانے میں اہم کردار ادا کیا۔
یو ایس اسٹیل کے سی ای او ڈیوڈ بیوریٹ نے اپنے بیان میں کہا کہ ہم اس واقعے کی مکمل تحقیقات کریں گے اور اپنے ملازمین کی حفاظت کو یقینی بنائیں گے۔
ایلیگھینی ہیلتھ نیٹ ورک کے مطابق دھماکے میں زخمی ہونے والے 7 افراد کو علاج کیلئے اسپتال لایا گیا، جن میں سے 5 کو ابتدائی طبی امداد کے بعد فارغ کر دیا گیا۔ یونیورسٹی آف پٹسبرگ میڈیکل سینٹر نے بتایا کہ 3 زخمیوں کا علاج یو پی ایم سی مرسی میں جاری ہے جو خطے کا واحد لیول ون ٹراما اور برن سینٹر ہے۔
یاد رہے کہ ماضی میں بھی اس پلانٹ میں کئی حادثات ہو چکے ہیں۔ سن 2009 میں ایک دھماکے میں ایک کارکن ہلاک ہوا تھا جبکہ 2010 میں ایک اور دھماکے نے 20 افراد کو زخمی کیا تھا۔ 2014 میں ایک کارکن جلنے اور خندق میں گرنے سے ہلاک ہو گیا تھا۔
پین انوائرنمنٹ کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر ڈیوڈ مسور نے مطالبہ کیا کہ اس تازہ واقعے کی مکمل اور آزادانہ تحقیقات کی جائیں اور یہ جائزہ لیا جائے کہ کیا یہ پلانٹ کام جاری رکھنے کے قابل ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ یہ ایک تباہ کن حادثہ ہے اور ہمیں اس بات کو یقینی بنانا ہوگا کہ آئندہ ایسے واقعات نہ ہوں۔
کلیئرٹن کے میئر رچرڈ لاٹانزی نے کہا کہ یہ ہمارے شہر کے لیے ایک افسوسناک دن ہے۔ اسٹیل پلانٹ ہماری کمیونٹی کا اہم حصہ ہے اور ہم اس سانحے سے متاثرہ خاندانوں کے ساتھ ہیں۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








