ڈارون میں کھیلے گئے دوسرے ٹی ٹوئنٹی میچ میں جنوبی افریقہ کے نوجوان بیٹسمین ڈیوالڈ بریوس نے آسٹریلیا کے خلاف ناقابلِ شکست 125 رنز کی دھواں دار اننگز کھیل کر نیا ملکی ریکارڈ قائم کر دیا۔
یہ ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میں کسی بھی جنوبی افریقی کھلاڑی کا سب سے بڑا انفرادی اسکور ہے اور اس کے ساتھ ہی وہ اس فارمیٹ میں سنچری بنانے والے سب سے کم عمر جنوبی افریقی بیٹسمین بھی بن گئے۔
بریوس نے اپنی اننگز میں 8 چھکے لگائے جن میں سے نصف سے زیادہ رنز انہوں نے وکٹ کے سیدھے حصے میں بنائے۔
کپتان ایڈن مارکرم نے اسے ناقابلِ یقین صلاحیت کا مظاہرہ قرار دیا۔ میچ کے بعد پریس کانفرنس میں بریوس نے کہا کہ یہ میرا قدرتی انداز ہے، میں صرف گیند کو دیکھتا ہوں، لطف لیتا ہوں اور پھر جو موقع ملے، اسے کھیل دیتا ہوں۔
یہ شاندار کارکردگی بریوس کے ایک ذاتی عزم کا نتیجہ بھی تھی جو انہوں نے گزشتہ سال 28 دسمبر کو کیا تھا کہ وہ ہمیشہ اصل ڈیوالڈ بن کر کھیلیں گے، نہ کہ کسی اور کے طرز پر۔ شروع میں انہیں بیبی اے بی کے نام سے پکارا جاتا تھا، جو اے بی ڈویلیئرز سے منسوب تھا لیکن انہوں نے اس شناخت کے دباؤ سے نکل کر اپنی پہچان خود بنائی۔
2023 میں صرف پانچ رنز بنا کر ٹیم سے ڈراپ ہونے کے بعد انہوں نے ڈومیسٹک کرکٹ میں شاندار کارکردگی دکھائی، جہاں 162 رنز کی اننگز سمیت کئی بڑے ریکارڈ توڑے۔ پچھلے سیزن میں وہ ایس اے 20 ٹائٹل جیتنے والی ٹیم کے اہم کھلاڑی رہے اور فرسٹ کلاس و لسٹ اے کرکٹ میں بھی نمایاں رہے۔
بریوس نے کہا کہ یہ میرا یقین تھا کہ میں یہی جگہ حاصل کروں گا، سفر میں اتار چڑھاؤ آتے ہیں مگر خود پر شک کبھی نہیں کیا۔ اگر یہ سب جلدی ہو جاتا تو شاید میں آج اتنا مضبوط نہ ہوتا۔
دلچسپ بات یہ ہے کہ بریوس کو علم ہی نہیں تھا کہ انہوں نے فاف ڈوپلیسی کا ریکارڈ توڑا ہے، وہ سمجھ رہے تھے کہ یہ جیک کیلس کے پاس تھا۔ ہنستے ہوئے انہوں نے کہا، غلط ہو گیا، مگر یہ میرے لیے اعزاز کی بات ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ یہ تو صرف آغاز ہے، میں محنت جاری رکھوں گا اور ہر نیا میچ ایک نیا موقع ہوگا۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








