شناختی کارڈ رینیو کروانا اب گھر بیٹھے ممکن! نادرا کی نئی سہولت سے فائدہ اٹھانے کا طریقہ

تازہ ترین

تازہ ترین

Renewal of the NADRA CNIC: Step-by-Step Guide
FILE PHOTO

اسلام آباد میں نادرا نے قومی شناختی کارڈ کی تجدید کا ایک آسان اور جدید طریقہ متعارف کرا دیا ہے جس کے تحت شہری اپنے موبائل فون کے ذریعے گھر بیٹھے شناختی کارڈ کی تجدید، تبدیلی یا دوبارہ پرنٹ کا عمل مکمل کر سکتے ہیں۔

یہ سہولت پاک آئی ڈی موبائل ایپ کے ذریعے فراہم کی جا رہی ہے، جو اینڈرائیڈ اور آئی او ایس دونوں پلیٹ فارمز پر دستیاب ہے۔ اس اقدام سے شہریوں کو نادرا دفاتر میں طویل قطاروں سے بچتے ہوئے وقت اور محنت کی بچت ممکن ہو گی۔

تجدید کے عمل کے لیے شہری سب سے پہلے پاک آئی ڈی ایپ ڈاؤن لوڈ کریں، رجسٹریشن اور لاگ ان کے بعد آئی ڈی کارڈ کے لیے درخواست کا آپشن منتخب کریں۔

اگر درخواست اپنی شناختی کارڈ کی تجدید کے لیے ہے تو میرا کا انتخاب کریں جبکہ خاندان کے کسی فرد کے لیے میرے قریبی رشتہ دار کا آپشن منتخب کریں۔ خاندان کے فرد کی درخواست کی صورت میں متعلقہ فرد کا موجود ہونا لازمی ہے۔

اس کے بعد درخواست گزار کی سفید پس منظر کے ساتھ بغیر چشمے کے تصویر کھینچیں اور اس بات کو یقینی بنائیں کہ چہرہ اسکرین پر دیے گئے دائرے میں مکمل طور پر نظر آئے۔

تصویر مکمل ہونے کے بعد تجدید کا آپشن منتخب کریں اور فنگر پرنٹ تصدیق پر کلک کریں۔ اس کے لیے موبائل کیمرے کے ذریعے فنگر پرنٹ لیا جائے گا۔ اس کے بعد اسکرین پر براہِ راست دستخط کریں یا دستخط کی تصویر اپ لوڈ کریں۔

ضروری معلومات درج کرنے کے بعد پروسیسنگ کیٹیگری منتخب کریں، جس میں تین آپشن شامل ہیں: ایگزیکٹو (7 دن)، ارجنٹ (12 دن)، اور نارمل (30 دن)۔

نادرا کی منظوری کے بعد اب ادائیگی کریں کا آپشن ظاہر ہوگا، جس کے ذریعے ایزی پیسہ، جاز کیش، ای سہولت یا ڈیبٹ/کریڈٹ کارڈ سے ادائیگی کی جا سکتی ہے۔ ادائیگی کے بعد شناختی کارڈ منتخب وقت کے اندر درخواست گزار کے پتے پر پہنچا دیا جائے گا۔

نادرا کا یہ ڈیجیٹل اقدام شناختی کارڈ کی تجدید کو تیز، محفوظ اور سہل بناتا ہے اور چاہے شہری ملک میں ہوں یا بیرونِ ملک، صرف چند مراحل میں اپنی شناختی خدمات حاصل کر سکتے ہیں۔

Related Posts