بگ باس کے 18ویں سیزن کی مقبول کنٹیسٹنٹ اور اداکارہ کشش کپور نے ایک حالیہ انٹرویو میں ایک ایسی بات کا انکشاف کیا ہے جس نے سب کو حیران کر دیا۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ شو کے دوران ایک مشہور کرکٹر نے ان کے ساتھ نازیبا رویہ اختیار کیا جس سے وہ شدید نالاں اور پریشان ہوئیں۔
کشش کپور نے اپنے بیان میں بتایا کہ بگ باس کے گھر میں ان سے ایک کرکٹر نے اکیلے میں ملنے کی خواہش ظاہر کی۔ اداکارہ نے واضح طور پر اس کرکٹر کا نام تو نہیں لیا لیکن ان کا کہنا تھا کہ اس واقعے نے انہیں کافی خوفزدہ اور ناراض کیا۔
انہوں نے کہا کہ میں نے فوراً اس کی درخواست مسترد کر دی اور کہا کہ آپ کرکٹر ہو سکتے ہیں لیکن میرے لیے آپ صرف ایک عام شخص ہیں۔ مجھے متاثر کرنے کے لیے آپ کو کچھ خاص کرنا ہوگا نہ کہ صرف اپنے پیشے کا نام استعمال کرنا۔

انہوں نے مزید کہا کہ اس کرکٹر کو لگتا تھا کہ ان کا نام اور شہرت ہی مجھے متاثر کرنے کے لیے کافی ہے لیکن میں ایسی لڑکی نہیں ہوں جو محض نام سے مرعوب ہو جائے۔ آپ کا کام آپ کی شناخت ہے لیکن اس کا مطلب یہ نہیں کہ آپ اسے غلط طریقے سے استعمال کریں۔ کشش نے اس واقعے کو اپنے لیے ایک ناخوشگوار تجربہ قرار دیا اور کہا کہ وہ اسے کبھی نہیں بھولیں گی۔
یہ پہلا موقع نہیں جب کشش کپور سرخیوں میں آئی ہوں۔ اس سے قبل جولائی میں انہوں نے اپنے ممبئی کے اندھیری واقع گھر سے ساڑھے چار لاکھ روپے کی چوری کا الزام لگایا تھا۔ انہوں نے اپنے گھریلو ملازم سچن کمار چودھری کے خلاف ایف آئی آر درج کرائی تھی جو چوری کے بعد سے غائب ہے۔

بگ باس کے گھر سے نکلنے کے بعد کشش کپور کے اس نئے انکشاف نے شائقین اور میڈیا میں ہلچل مچا دی ہے۔ اب سب کی نظریں اس بات پر ہیں کہ کیا اس کرکٹر کا نام سامنے آئے گا اور اس تنازع کا کیا نتیجہ نکلتا ہے۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








