شوہر کے دوست سے ناجائز تعلقات؛ آشا نے آشنا سے ملکر اپنا گھر اجاڑ لیا

تازہ ترین

تازہ ترین

(فوٹو؛ فائل)

بھارتی شہر بنگلورو کے شمال مغربی علاقے ماچوہلی گاؤں میں ایک خوفناک واقعہ پیش آیا جہاں 39 سالہ وجے کمار کو بے رحمی سے قتل کر دیا گیا۔ پولیس نے اس سنگین جرم کے الزام میں مقتول کی بیوی آشا اور اس کے مبینہ عاشق دھننجے سمیت دیگر مشتبہ افراد کو حراست میں لے کر تفتیش شروع کر دی ہے۔

رئیل اسٹیٹ کے کاروبار سے منسلک مقتول وجے کمار کی شادی دس سال قبل آشا سے ہوئی تھی اور ان کے دو بچے ہیں۔پولیس کے مطابق وجے اور دھننجے بچپن کے دوست تھے۔ دھننجے کا وجے کے گھر اکثر آنا جانا تھا، جس کے دوران اس کی آشا سے قربت بڑھ گئی اور دونوں کے درمیان ناجائز تعلقات استوار ہو گئے۔

وجے کو اس غیرقانونی رشتے کا علم ہوا تو اس نے اپنی بیوی اور دوست کو خبردار کیا کہ وہ یہ تعلق ختم کر دیں۔ اس تنازع کے باعث وہ اپنے خاندان کے ساتھ کماکشی پلیا سے ماچوہلی منتقل ہو گیا تھا تاہم آشا نے خفیہ طور پر دھننجے سے رابطہ جاری رکھا جس سے میاں بیوی کے درمیان بار بار جھگڑے ہوتے رہتے تھے۔

تفتیش کے دوران پولیس کو معلوم ہوا کہ وجے کے پاس آشا اور دھننجے کی کچھ ایسی تصاویر تھیں جو ان کے تعلقات کی گواہی دیتی تھیں۔ اسی خوف سے دونوں نے مل کر وجے کو ہمیشہ کے لیے راستے سے ہٹانے کا پلان بنایا۔

وقوعہ کی رات جب وجے گھر سے باہر نکلا حملہ آوروں نے اس کا پیچھا کیا اور تیز دھار ہتھیار سے اس پر وار کر کے اسے موت کے گھاٹ اتار دیا۔ واقعے کے بعد ملزمان فرار ہو گئے۔

بنگلور ضلع کے پولیس سپرنٹنڈنٹ سی کے بابا نے بتایا کہ ابتدائی تحقیقات سے پتہ چلتا ہے کہ اس قتل کی وجہ ناجائز تعلقات ہیں۔ ہم نے مقتول کی بیوی اس کے بچپن کے دوست اور دیگر مشتبہ افراد کو حراست میں لیا ہے اور جلد ہی ملزمان کو گرفتار کر لیا جائے گا۔

Related Posts