پاکستانی نژاد برطانوی طالبہ ماہ نور چیمہ نے جی سی ایس ای اور او لیول میں غیر معمولی نتائج حاصل کرنے کے بعد اے لیول کے امتحانات میں بھی تاریخ رقم کر دی۔
ماہ نور چیمہ نے اے لیول کے امتحانات میں 24 مضامین میں اے گریڈ حاصل کرکے چار نئے عالمی ریکارڈ قائم کیے جس کے بعد ان کے عالمی ریکارڈز کی مجموعی تعداد چھ ہو گئی۔ ان کی اس غیر معمولی کامیابی پر انہیں برطانیہ کی معروف آکسفورڈ یونیورسٹی کے ایگزیٹر کالج میں داخلہ مل گیا ہے۔
18 سالہ ماہ نور چیمہ نے اپنے اے لیول امتحانات میں چار عالمی ریکارڈ قائم کیے جبکہ جی سی ایس ای میں حاصل کردہ دو مزید ریکارڈز شامل کرنے سے یہ تعداد چھ ہو گئی۔ ان کا کہنا ہے کہ طب کی تعلیم حاصل کرنا ہمیشہ ان کا خواب رہا ہے۔
ماہ نور کے والد بیرسٹر عثمان چیمہ کے مطابق ماضی میں طلبہ زیادہ نمبر حاصل کرنے کے لیے امتحانات میں مضامین دہراتے تھے لیکن ماہ نور نے یہ کارنامہ حقیقی تعلیمی صلاحیت سے انجام دیا۔ انہوں نے مجموعی طور پر 19 اے اسٹار اور اے گریڈ حاصل کیے جو دنیا بھر میں کسی بھی طالب علم سے زیادہ ہیں۔
ماہ نور نے 24 اے لیول اور 34 جی سی ایس ای امتحانات میں کل 58 مضامین کا انتخاب کیا۔ 2023 میں صرف 16 برس کی عمر میں انہوں نے 34 مضامین پاس کرکے عالمی ریکارڈ بنایا۔
جی سی ایس ای میں انہوں نے 17 مضامین اے اسٹار کے ساتھ پاس کیے، جو ان کا پانچواں عالمی ریکارڈ بنا جبکہ چھٹے ریکارڈ کے طور پر انہوں نے کل 34 اے اسٹار گریڈ حاصل کیے۔
اس موقع پر ماہ نور چیمہ نے کہا کہ آکسفورڈ یونیورسٹی میں طب کی تعلیم کا موقع ملنے پر وہ بے حد خوش ہیں اور یہ ان کے بچپن کا خواب تھا جو اب حقیقت بننے جا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ وہ اکتوبر میں تعلیم کا نیا سفر شروع کریں گی۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








