لاہور کے علاقے سبزہ زار میں ایک نہایت افسوسناک اور دل دہلا دینے والا واقعہ پیش آیا ہے جہاں ایک خاتون کے مبینہ دوست نے اس کے تین کم عمر بچوں کو نشہ آور گولیاں کھلا دیں جس کے نتیجے میں 11 سالہ ایان جاں بحق ہو گیا جبکہ دو بچے شدید بیمار ہو گئے۔
پولیس کے مطابق واقعہ اس وقت پیش آیا جب بچوں کی والدہ حسب معمول صبح کے وقت ملازمت پر گئیں۔ ان کی غیر موجودگی میں ریحان نامی شخص گھر میں داخل ہوا اور تینوں بچوں کو خطرناک مقدار میں نشہ آور گولیاں دے دیں۔
ایس پی اقبال ٹاؤن ڈاکٹر عمر کے مطابق بچوں کی حالت بگڑنے پر ماموں اور نانی نے فوری طور پر انہیں اسپتال منتقل کیا تاہم آیان جانبر نہ ہو سکا جبکہ دو دیگر بہن بھائیوں کی حالت تشویشناک بتائی جا رہی ہے۔
پولیس نے فوری کارروائی کرتے ہوئے ریحان کو گرفتار کر لیا ہے۔ ابتدائی تفتیش میں ملزم نے جرم کا اعتراف کر لیا ہے جبکہ اس کے قبضے سے نشہ آور گولیاں بھی برآمد کر لی گئی ہیں۔ ملزم کے خلاف مقدمہ درج کر کے مزید قانونی کارروائی شروع کر دی گئی ہے۔
ایس پی کے مطابق ابتدائی معلومات سے پتا چلا ہے کہ بچوں کے والد کا انتقال آٹھ سال قبل ہو چکا تھا جبکہ ان کی والدہ کے ریحان کے ساتھ گزشتہ ڈھائی سال سے مبینہ تعلقات تھے۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








