کراچی: سندھ حکومت نے شہر قائد میں بارش کی وجہ سے کل بروز بدھ کو اسکول بند کرنے کا اعلان کردیا ہے۔ سینئرصوبائی شرجیل انعام میمن کا کہنا ہے کہ بدھ کو کراچی کے اسکول بند رہیں گے۔
کراچی میں موسلا دھار بارشوں کے بعد سندھ حکومت نے تعلیمی اداروں کے حوالے سے اہم فیصلہ کرتے ہوئے اعلان کیا ہے کہ بدھ کے روز شہر بھر کے اسکول بند رہیں گے۔
صوبائی وزیر اطلاعات شرجیل انعام میمن نے اپنے بیان میں کہا کہ حالیہ بارشوں کے باعث سڑکوں پر پانی جمع ہونے، ٹریفک مسائل اور شہریوں کو درپیش مشکلات کے پیش نظر فیصلہ کیا گیا ہے کہ بدھ کے روز کراچی کے تمام اسکول بند رہیں گے۔
انہوں نے کہا کہ حکومت کی اولین ترجیح شہریوں، طلبہ اور والدین کی حفاظت ہے، اس لیے بارش کے بعد کے حالات کو مدنظر رکھتے ہوئے یہ قدم اٹھایا گیا ہے۔
شرجیل میمن کا مزید کہنا تھا کہ محکمہ تعلیم اور ضلعی انتظامیہ مسلسل صورتحال کا جائزہ لے رہے ہیں اور حالات بہتر ہونے پر اسکول معمول کے مطابق کھول دیے جائیں گے۔
شہری حلقوں نے حکومت کے اس فیصلے کو درست قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ خراب موسمی صورتحال میں بچوں کا اسکول آنا جانا مشکل ہی نہیں بلکہ خطرناک بھی ہوسکتا ہے۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








