کراچی میں بارش کے بعد منگل سے کئی علاقے تاحال بجلی سے محروم

تازہ ترین

تازہ ترین

Karachi faces widespread power outages after rain
FILE / ONLINE

کراچی میں حالیہ بارشوں کے بعد شہر کے متعدد علاقے اب تک بجلی سے محروم ہیں جس کے باعث شہری شدید پریشانی اور کرب میں مبتلا ہیں۔ لوڈشیڈنگ اور طویل بجلی کے تعطل نے گرمی اور حبس میں عوام کی مشکلات میں کئی گنا اضافہ کردیا ہے۔

صدر کے علاقے رتّن تلاؤ، اردو بازار اور ملحقہ گلیوں میں منگل سے بجلی غائب ہے۔ اسی طرح ملیر عالمگیر سوسائٹی، کشمیر کالونی سیکٹر بی، جیل روڈ، جمشید روڈ، مسلم ہاؤسنگ سوسائٹی اسکیم 38، گلستانِ جوہر بلاک 8، بلاک 2، بلاک 3 اے، نارتھ ناظم آباد بلاک جی اور ایف، عمر کالونی، درویش کالونی، پی ای سی ایچ ایس بلاک 7، مرچنٹ نیوی سوسائٹی اسکیم 33 سیکٹر 15 اے، لیاقت آباد سی ون اور دیگر کئی علاقے بھی بجلی کی مسلسل بندش سے متاثر ہیں۔

رہائشیوں کا کہنا ہے کہ گلستانِ جوہر بلاک 8 میں دو روز سے بجلی معطل ہے جس کے نتیجے میں پانی کی شدید قلت پیدا ہوگئی ہے۔

شہریوں کے مطابق صبح پانچ بجے کچھ لمحوں کے لیے بجلی بحال ہوئی مگر فوراً دوبارہ بند ہوگئی۔ مقامی لوگوں نے شکوہ کیا کہ بارہا شکایات کے باوجود کے۔الیکٹرک کی جانب سے خرابی دور نہیں کی جارہی۔

ادھر کے الیکٹرک کے چیف ایگزیکٹو مونس علوی نے دعویٰ کیا ہے کہ بدھ کی شام چھ بجے تک شہر کے 94 فیصد سے زائد حصوں میں بجلی بحال کردی گئی ہے تاہم شہریوں کا کہنا ہے کہ حقیقت اس کے برعکس ہے اور کئی علاقے اب بھی اندھیرے میں ڈوبے ہوئے ہیں۔

بجلی کی اس بدترین صورتحال نے نہ صرف روزمرہ زندگی کو مفلوج کردیا ہے بلکہ پانی کی فراہمی اور کاروباری سرگرمیوں پر بھی منفی اثرات مرتب ہوئے ہیں۔ شہریوں نے متعلقہ حکام سے فوری اقدامات اٹھانے اور مستقل حل تلاش کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔

Related Posts