ہالی ووڈ کی معروف اداکارہ سڈنی سوئینی حال ہی میں اپنی ایک خطرناک مہم جوئی کے باعث دنیا بھر میں خبروں کی زینت بن گئیں جب 27 سالہ اداکارہ نے دس ہزار فٹ کی بلندی سے طیارے سے چھلانگ لگائی اور اسکائی ڈائیونگ کا شاندار تجربہ کیا۔
اس موقع پر ان کے ہمراہ مشہور پیشہ ور اسکائی ڈائیور لوک ایکنز بھی موجود تھے جو 2016 میں بغیر پیراشوٹ چھلانگ لگا کر عالمی شہرت حاصل کرچکے ہیں۔
سڈنی سوئینی نے اپنے انسٹاگرام اکاؤنٹ پر ویڈیو شیئر کی جسے دیکھ کر ان کے 28 ملین سے زائد مداح بے حد پرجوش ہوگئے۔
ویڈیو میں وہ فلائٹ سوٹ پہنے ہوئے مسکراتی نظر آئیں جب کہ فری فال کے دوران نڈر انداز نے مداحوں کو حیران کردیا۔
اداکارہ نے اس تجربے کو اپنی زندگی کا یادگار لمحہ قرار دیتے ہوئے لوک ایکنز کا شکریہ ادا کیا۔
یہ مہم جوئی اس وقت سامنے آئی ہے جب ان کی نئی فلم امریکنہ باکس آفس پر خاطر خواہ کارکردگی دکھانے میں ناکام رہی۔
ابتدائی ہفتے میں فلم صرف پانچ لاکھ ڈالر کما سکی حالانکہ اسے گیارہ سو سینماؤں میں ریلیز کیا گیا تھا۔
ماہرین کا کہنا ہے کہ فلم زیادہ سے زیادہ پندرہ لاکھ ڈالر تک محدود رہنے کا امکان ہے، جو اندازوں سے کہیں کم ہے۔ فلم میں سوئینی ایک ویٹریس کا کردار ادا کر رہی ہیں جو کنٹری سنگر بننے کے خواب دیکھتی ہے۔
اس ناکامی کے باوجود سڈنی سوئینی کے مصروف شیڈول میں کئی بڑے منصوبے شامل ہیں۔ وہ ہدایتکار رون ہاورڈ کی نئی فلم ایڈن میں مرکزی کردار ادا کر رہی ہیں جو اس جمعے کو ریلیز ہوگی۔
اس فلم میں ان کے ساتھ جُوڈ لا، آنا دے آرمس اور ڈینیئل برول بھی شامل ہیں۔ اسی طرح وہ پانچ ستمبر کو فلم کرسٹی کے عالمی پریمیئر میں شرکت کریں گی جو ایک باکسر کی زندگی پر مبنی ہے۔ اس کردار کے لیے انہوں نے سخت تربیت لی اور اپنے وزن میں 30 پاؤنڈ تک اضافہ کیا۔
دوسری جانب سوئینی ایک اشتہاری مہم کے باعث بھی تنازعے کا شکار رہیں۔ امریکی برانڈ کے ایک اشتہار کو بعض حلقوں نے متنازع قرار دیا تاہم برانڈ نے مؤقف اپنایا کہ مہم صرف ملبوسات کے حوالے سے تھی۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








