کے الیکٹرک کی نااہلی، واٹر کارپوریشن کے پمپنگ اسٹیشن بند، شہر میں پانی کا بحران

تازہ ترین

تازہ ترین

Karachi faces severe water supply disruption as major lines under repair
FILE PHOTO

کراچی: واٹر کارپوریشن کے ترجمان عبدالقادر شیخ نے کہا ہے کہ کے الیکٹرک کی جانب سے بار بار ہونے والے بجلی کے بریک ڈاؤنز اور کیبل فالٹس کے باعث شہر میں پانی کی فراہمی شدید متاثر ہورہی ہے۔

ترجمان کے مطابق دھابیجی، پپری اور حب جیسے بڑے پمپنگ اسٹیشنز سمیت شہر کے مختلف ڈسٹری بیوشن پمپنگ اسٹیشنز بجلی کی مسلسل بندش سے بری طرح متاثر ہیں۔

متعدد پمپنگ اسٹیشنز پر کیبل فالٹ کے باعث بجلی کی فراہمی معطل ہوگئی ہے جس کے نتیجے میں اہم پمپنگ اسٹیشنز کے فیڈرز پر بجلی کی سپلائی بار بار متاثر ہورہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ بجلی کی مسلسل بندش کے سبب کراچی کو اب تک تقریباً 200 ملین گیلن پانی کی قلت کا سامنا ہے، جس کی وجہ سے شہر بھر میں پانی کی ترسیل بری طرح متاثر ہوئی ہے۔

ترجمان نے مزید بتایا کہ اس صورتحال کے باعث پورٹ قاسم، بن قاسم ٹاؤن، لانڈھی، کورنگی، شاہ فیصل ٹاؤن، لیاقت آباد ٹاؤن، چنیسر ٹاؤن، پی این ایس مہران، پی اے ایف بیس فیصل، کارساز، ناظم آباد اور نیو کراچی سمیت کئی اہم علاقے پانی کی فراہمی میں کمی سے متاثر ہورہے ہیں۔

واٹر کارپوریشن حکام نے واضح کیا ہے کہ ادارہ صورتحال پر مسلسل نظر رکھے ہوئے ہے اور کے الیکٹرک انتظامیہ سے قریبی رابطے میں ہے تاکہ بجلی کی فراہمی کو جلد از جلد بحال کیا جا سکے اور شہریوں کو پانی کی مزید قلت سے بچایا جا سکے۔

Related Posts