کراچی پٹاخو ں کے گودام میں آتشزدگی سے جاں بحق افراد کی تعداد 5 ہوگئی

تازہ ترین

تازہ ترین

ONLINE

کراچی: ایم اے جناح روڈ پر واقع آتشبازی کے گودام میں جمعرات کی شام ہونے والے خوفناک دھماکے میں جاں بحق افراد کی تعداد بڑھ کر پانچ ہوگئی ہے، ریسکیو اہلکاروں نے ملبے سے ایک اور لاش نکال لی جس کے بعد ہلاکتوں میں اضافہ ہوا۔

واقعے کے فوراً بعد فائر بریگیڈ کی 12 سے زائد گاڑیاں آگ بجھانے کے لیے موقع پر پہنچیں جبکہ پولیس اور رینجرز کی بھاری نفری نے علاقے کو گھیرے میں لے لیا۔

سندھ پولیس کے ترجمان کے مطابق ایس ایس یو کمانڈوز نے بھی ریسکیو آپریشن میں حصہ لیا اور عمارت کی چھت پر پھنسے شہریوں کو محفوظ مقام پر منتقل کیا۔

پولیس کے مطابق پریڈی تھانے میں ریاست کی مدعیت میں مقدمہ درج کرلیا گیا ہے جس میں سنگین دفعات شامل کی گئی ہیں، جن میں اقدامِ قتل اور قتل بالسبب شامل ہیں۔

ایف آئی آر میں گودام کے مالک حنیف اور محمد ایوب کو نامزد کیا گیا ہے۔ پولیس کے مطابق ملزم حنیف زخمی حالت میں اسپتال میں زیرِ علاج ہے۔

یہ واقعہ شہر میں حالیہ دنوں میں پیش آنے والی بڑی آتشزدگیوں میں سے ایک ہے۔ اس سے قبل لانڈھی ایکسپورٹ پروسیسنگ زون میں ایک فیکٹری میں بھی بڑے پیمانے پر آگ بھڑکی تھی جسے تیسری درجے کی آگ قرار دیا گیا۔

اس واقعے میں فیکٹری کا بڑا حصہ زمین بوس ہوگیا تھا، جس نے کراچی کے صنعتی علاقوں میں فائر سیفٹی اور ہنگامی اقدامات کے فقدان پر سنگین سوالات کھڑے کر دیے تھے۔

شہری حلقوں نے مطالبہ کیا ہے کہ آتشبازی کا غیر قانونی کاروبار اور حفاظتی اصولوں کی خلاف ورزی کرنے والے عناصر کے خلاف سخت کارروائی کی جائے تاکہ مستقبل میں اس قسم کے سانحات سے بچا جا سکے۔

Related Posts