بیجنگ: ہانگ کانگ کے مشہور آرٹسٹ کاسنگ لُنگ کے تخلیق کردہ کردار لابوبو نے چند ہی برسوں میں ایک فن پارے سے عالمی شہرت یافتہ کھلونے کی شکل اختیار کرلی ہے۔
چینی کمپنی پاپ مارٹ کے تیار کردہ اس کردار کی مقبولیت نے فروخت میں بے پناہ اضافہ کیا ہے اور کمپنی نے حالیہ رپورٹ میں تقریباً 400 فیصد منافع ظاہر کیا ہے تاہم بڑھتی ہوئی طلب کے ساتھ جعلی مصنوعات کی بھرمار بھی شروع ہوگئی ہے جنہیں طنزیہ طور پر لافوفو کہا جا رہا ہے۔
ماہرین کے مطابق مارکیٹ میں بڑی مہارت کے ساتھ تیار کیے گئے جعلی لابوبو کلیکٹرز کے لیے ایک بڑا مسئلہ بنتے جا رہے ہیں۔ ایسے میں ضروری ہے کہ خریدار چند بنیادی علامات کو ذہن میں رکھیں تاکہ اصل اور نقلی لابوبو میں فرق کیا جا سکے۔
اصل لابوبو کی پہچان
پیکنگ اور ڈبہ: اصلی پاپ مارٹ کے ڈبے اعلیٰ معیار کے، ہلکی میٹ فنش اور درست رنگوں کے حامل ہوتے ہیں۔ جعلی ڈبے عموماً زیادہ چمکدار، کمزور یا بھڑکیلے رنگوں والے نظر آتے ہیں۔
ہولوگرافک اسٹیکر: اصلی پاپ مارٹ اسٹیکر میں 3D جھلک کے ساتھ واضح اور صاف تحریر ہوتی ہے، جبکہ نقلی اسٹیکر مدھم اور دھندلے دکھائی دیتے ہیں۔
کیو آر کوڈ: اصلی ڈبے کا کیو آر کوڈ اسکین کرنے پر براہِ راست پاپ مارٹ کی اینٹی کاپی ویب سائٹ پر لے جاتا ہے۔ جعلی کوڈ عموماً ناکام یا کسی اور صفحے پر بھیجتے ہیں۔
اسپلنگ اور لوگو: اگر پوپ مارٹ کی اسپیلنگ یا لوگو ٹیڑھا یا غلط ہو تو یہ بھی جعلی ہونے کی نشانی ہے۔
گڑیا کی کوالٹی
وائنل ڈولز: اصلی لابوبو نرم اور میٹ فنش کے ساتھ مضبوط محسوس ہوتے ہیں جبکہ نقلی عموماً سخت یا پلاسٹک نما لگتے ہیں۔
پلس ڈولز: اصلی کپڑوں والے لابوبو کی سلائی درست اور بال گھنے و نرم ہوتے ہیں۔ جعلی میں ڈھیلے دھاگے اور کھردرا فر محسوس ہوتا ہے۔
پینٹ اور آنکھیں: اصلی لابوبو میں رنگ کاری بالکل درست اور آنکھیں چمکدار ہوتی ہیں۔ جعلی گڑیا پر عموماً دھبے، ٹیڑھی لکیریں اور بے ترتیب رنگ ملتے ہیں۔
دانتوں کی گنتی: ہر اصلی لابوبو میں بالکل نو دانت موجود ہوتے ہیں جبکہ نقلی اکثر اس میں غلطی کر دیتے ہیں۔
پاؤں پر نشانات: اصلی گڑیا کے پاؤں پر پوپ مارٹ اور آرٹسٹ کاسنگ لُنگ کا نام ابھرا ہوتا ہے۔ جدید ماڈلز میں یووی لائٹ پر ایک چھپی ہوئی شکل بھی ظاہر ہوتی ہے۔
خریداری کے محفوظ طریقے
ہمیشہ براہِ راست پاپ مارٹ کی آفیشل دکانوں یا منظور شدہ ڈسٹری بیوٹرز سے خریداری کریں۔
غیر مصدقہ آن لائن بیچنے والوں یا سوشل میڈیا مارکیٹ پلیس پر احتیاط برتیں۔
خریداری سے قبل بیچنے والے کے فیڈبیک اور ریویوز ضرور دیکھیں۔
اگر گڑیا پہلے سے خریدی جا چکی ہو تو اس کی تصدیق کے لیے پاپ مارٹ کی آفیشل موبائل ایپ استعمال کریں۔
ماہرین کا کہنا ہے کہ ان چند احتیاطی تدابیر کو اپنانے سے کلیکٹرز اپنے قیمتی شوق کو جعلی مصنوعات سے محفوظ بنا سکتے ہیں۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








