چندی گڑھ: بھارتی پنجابی فلم انڈسٹری کے مشہور اور ہر دلعزیز مزاحیہ اداکار جسوندر بھلا جمعہ 22 اگست 2025 کو 65 برس کی عمر میں انتقال کر گئے۔
وہ گزشتہ کچھ روز سے چندی گڑھ کے فورٹیس اسپتال میں زیرِ علاج تھے جہاں آج صبح ان کا انتقال ہوا۔ ان کی آخری رسومات ہفتہ کے روز موہالی کے بالنگی شمشان گھاٹ میں ادا کی جائیں گی۔
جسوندر بھلا نے اپنے فنی کیریئر کا آغاز 1980 اور 1990 کی دہائی میں اسٹیج ڈراموں اور کامیڈی البمز سے کیا۔ ان کی برجستہ مزاحیہ ادائیگی اور منفرد مکالمے عوام میں بے حد مقبول ہوئے۔ فلمی دنیا میں ان کی انٹری فلم دُلہا بھٹی اور جسپال بھٹی کی ہندی طنزیہ فلم ماحول ٹھیک ہے (1999) کے ذریعے ہوئی۔
وقت گزرنے کے ساتھ انہوں نے متعدد پنجابی بلاک بسٹر فلموں میں اپنی کامیڈی سے ناظرین کے دل جیتے، جن میں جٹ اینڈ جولیٹ ، سردار جی اور خاص طور پر کیری آن جٹا سیریز شامل ہیں۔ اس سیریز میں ان کا کردار ایڈووکیٹ ڈھلوں آج بھی شائقین کے ذہنوں میں تازہ ہے۔
جسوندر بھلا اپنے یادگار جملوں، برجستہ مکالموں اور شاندار ٹائمنگ کے باعث پنجابی کامیڈی کے ایک بڑے ستون سمجھے جاتے ہیں۔ چھوٹے کردار کو بھی اپنی ادائیگی سے یادگار بنانے کی صلاحیت نے انہیں پنجابی فلمی دنیا میں ایک خاص مقام دلایا۔
مرحوم کے پسماندگان میں ان کی اہلیہ پرم دیپ کور شامل ہیں جو چندی گڑھ میں فائن آرٹس کی ٹیچر ہیں، جبکہ بیٹا پکھراج بھلا بھی ایک اداکار ہیں جنہوں نے ابتدا میوزک ویڈیوز سے کی اور بعد میں فلموں میں نظر آئے۔ والد اور بیٹے نے ایک ساتھ 2013 کی فلم اسٹوپڈ سیون میں بھی کام کیا تھا۔
جسوندر بھلا کے انتقال پر فلمی حلقوں اور مداحوں کی جانب سے گہرے دکھ کا اظہار کیا گیا۔ ساتھی فنکاروں نے کہا کہ جسوندر بھلا نے پنجابی فلم انڈسٹری میں مزاح کو ایک نئی بلندی عطا کی اور ان کا فن آنے والی نسلوں کے لیے مشعلِ راہ رہے گا۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








