پیر کے روز عالمی اور ملکی سطح پر سونے کی قیمتوں میں کسی قسم کا رد و بدل دیکھنے میں نہیں آیا۔ بین الاقوامی بلین مارکیٹ میں سونا فی اونس 3,371 ڈالر پر مستحکم رہا جس کا اثر مقامی منڈی پر بھی واضح طور پر دیکھا گیا۔
آل پاکستان صرافہ جیولرز ایسوسی ایشن کے جاری کردہ نرخ کے مطابق مقامی صرافہ بازاروں میں فی تولہ سونا 359,800 روپے پر برقرار رہا جبکہ دس گرام سونے کی قیمت بھی بغیر کسی تبدیلی کے 308,470 روپے پر جمی رہی۔
واضح رہے کہ ہفتے کے روز سونے کی قیمت میں 4,100 روپے کا بڑا اضافہ ہوا تھا جس کے بعد فی تولہ قیمت 359,800 روپے کی بلند سطح پر پہنچ گئی تھی۔
دوسری جانب چاندی کی قیمت میں بھی کوئی تبدیلی نہیں دیکھی گئی اور فی تولہ چاندی 4,121 روپے پر مستحکم رہی۔
ماہرین کے مطابق عالمی سطح پر سونے کی طلب میں وقتی ٹھہراؤ اور ڈالر کی قدر میں استحکام کی وجہ سے قیمتوں میں تسلسل سے استحکام نظر آ رہا ہے تاہم آنے والے دنوں میں معاشی و سیاسی حالات کے پیش نظر سونے کی قیمتوں میں اتار چڑھاؤ کا امکان موجود ہے۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








