بالی ووڈ کی معروف اداکارہ پرینیتی چوپڑا اور ان کے شوہر راگھو چڈھا نے اپنی زندگی کے نئے باب کا آغاز کرتے ہوئے مداحوں کو ایک خوش کن خبر دی ہے۔ دونوں نے سوشل میڈیا پر اعلان کیا ہے کہ وہ جلد ہی والدین بننے جا رہے ہیں۔
پرینیتی چوپڑا نے انسٹا گرام پر ایک جذباتی پیغام میں کہا کہ ہمارا چھوٹا سا جہاں آنے والا ہے،اداکارہ نے ایک دل کو چھو لینے والی پوسٹ میں لکھا کہ ہمارا چھوٹا سا جہان، آنے والا ہے۔ بے حد شکر گزار ہوں۔
یہ اعلان سامنے آتے ہی سوشل میڈیا پر مداحوں کی جانب سے مبارکبادوں کا تانتا بندھ گیا۔ صرف چند گھنٹوں میں ایک لاکھ 76 ہزار سے زائد صارفین نے اس پوسٹ کو پسند کیا اور جوڑے کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔
پرینیتی اور راگھو کی اس نئی زندگی کے آغاز پر پرستار، شوبز شخصیات اور سیاسی حلقوں کی جانب سے بھی خوشی کا اظہار کیا جا رہا ہے۔ مداح جوڑے کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کر رہے ہیں اور آنے والے مہمان کے استقبال کے لیے بے صبری سے منتظر ہیں۔
یاد رہے کہ پرینیتی اور راگھو چڈھا کی شادی ستمبر 2023 میں بھارتی ریاست راجستھان میں دھوم دھام سے ہوئی تھی جس کے بعد سے ہی شائقین اس جوڑی سے خوشخبری کے منتظر تھے۔
اداکارہ پرینیتی چوپڑا نے فلمی دنیا میں اپنی شناخت عشق زادے، جبریہ جوڑی، اور کوڈ نیم تیرنگا جیسی فلموں سے بنائی۔ ان کی اداکاری، رقص اور معصوم مسکراہٹ نے نہ صرف بھارت بلکہ دنیا بھر میں لاکھوں مداحوں کو اپنا گرویدہ بنایا ہے جبکہ ان کے انسٹاگرام پر 4 کروڑ 32 لاکھ سے زائد فالوورز موجود ہیں جو ان کی ہر نئی پوسٹ کو خوب سراہتے ہیں۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








