لاہور کی انسداد دہشت گردی کی خصوصی عدالت نے بھارت سے تعلق رکھنے والے دہشتگرد عثمان عرف عبدالرحمٰن کو دہشت گردی کے مقدمے میں 20 سال قید کی سزا سنا دی ہے۔
پراسیکیوشن کے مطابق مجرم ماضی میں بھارتی شہری اور مبینہ جاسوس رہا ہے تاہم اب اس کے پاس افغانستان کی شہریت موجود ہے۔ عدالت کو بتایا گیا کہ مجرم چمن کے راستے پاکستان میں داخل ہوا اور بارودی مواد لے کر کسی تخریبی کارروائی کا ارادہ رکھتا تھا۔
مجرم کو سی ٹی ڈی لاہور نے 2024 میں گرفتار کیا تھا۔ اس کے خلاف دہشت گردی کی دفعات کے تحت مقدمہ درج کیا گیا، اور مکمل تفتیش کے بعد کیس عدالت میں پیش کیا گیا۔
سماعت کے دوران عدالت نے تمام شواہد، گواہوں کے بیانات اور تفتیشی رپورٹ کا جائزہ لینے کے بعد ملزم کو مجرم قرار دیتے ہوئے 20 سال قید کی سزا سنائی۔
عدالت نے اپنے فیصلے میں کہا کہ ایسے عناصر جو ملک کے امن و امان کو نقصان پہنچانے کی نیت سے داخل ہوتے ہیں ان کے خلاف قانون کے مطابق سخت کارروائی کی جائے گی۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








