روشن مستقبل کے سپنے سمندر برد ہوگئے؛ کشتی الٹنے سے 100 تارکین وطن جاں بحق

تازہ ترین

تازہ ترین

(فوٹو؛ آن لائن)

مغربی افریقہ میں سمندر کے قریب ایک افسوسناک واقعہ پیش آیا جہاں تارکین وطن کی کشتی الٹنے سے کم از کم 70 افراد ہلاک ہو گئے ہیں جبکہ 30 سے زائد افراد اب تک لاپتہ ہیں۔

حادثے کا شکار بد قسمت کشتی گیمبیا سے یورپ جانے کے لیے روانہ ہوئی تھی جس میں زیادہ تر گیمبیا اور سینیگال کے شہری سوار تھے۔گیمبیا کی حکومت کے مطابق کشتی میں تقریباً 150 افراد موجود تھے جن میں سے صرف 16 کو زندہ بچایا جا سکا۔

موریطانیہ کی امدادی ٹیموں نے بدھ اور جمعرات کو جائے حادثہ سے 70 لاشیں نکال لی ہیں جبکہ خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے کہ اصل ہلاکتیں 100 سے زائد ہو سکتی ہیں۔

یہ کشتی ایک خطرناک سمندری راستے اٹلانٹک مائیگریشن روٹ کے ذریعے یورپ کے ملک اسپین کے کینری آئی لینڈز جانے کی کوشش میں تھی۔ یہ راستہ بہت مشکل اور جان لیوا سمجھا جاتا ہے۔

یورپی رپورٹ کے مطابق صرف پچھلے سال 46 ہزار سے زیادہ تارکین وطن اس راستے سے کینری آئی لینڈز پہنچے جبکہ 10 ہزار افراد سمندر میں ڈوب کر ہلاک ہو گئے۔

ادھر یونان میں بھی ایک واقعہ پیش آیا جہاں رھوڈس جزیرے کے ساحل پر ایک مرد اور ایک کمسن بچی کی لاش ملی۔ دونوں ایک اسمگلروں کی کشتی میں سوار تھے جو انہیں ساحل کے قریب چھوڑ کر بھاگ گئی جبکہ باقی 10 افراد زندہ ساحل تک پہنچ گئے۔

یونانی کوسٹ گارڈ نے مزید 38 تارکین وطن کو گرفتار کیا ہے اور حکومت نے اعلان کیا ہے کہ تین ماہ تک شمالی افریقہ سے آنے والے افراد کی پناہ کی درخواستیں قبول نہیں کی جائیں گی۔

Related Posts