عبدالحکیم کے مقام پر تاریخی دریائے راوی سے ٹرین گزرنے کے خوفناک منظر نے دیکھنے والوں کو حیرت میں ڈال دیا ہے۔
ٹرین میں موجود مسافروں کا کہنا ہے کہ دریائے راوی پر عبدالحکیم کے مقام پر قائم تاریخی راوی برج کے نیچے جب سیلابی پانی شور مچاتا ہوا بہہ رہا تھا اور لہریں اس کے ستونوں سے ٹکراتی محسوس ہو رہی تھیں، فضا میں خوف اور ہیبت طاری تھی۔
یوں لگتا تھا جیسے اگلے ہی لمحے یہ عظیم برج اپنی صدیوں پرانی کہانی کے ساتھ پانی کی بے رحم موجوں میں بہہ جائے گا۔
ایسے نازک موقع پر ریلوے ڈرائیور کا فیصلہ اور حوصلہ تاریخ میں ایک جرات مندانہ لمحہ بن گیا۔ سیلابی پانی کے دباؤ اور خطرے کے باوجود اس نے اپنی ٹرین کو پورے اعتماد کے ساتھ پٹریوں پر دوڑایا اور گاڑی کو پل کے پار پہنچا دیا۔
ایک لمحے کے لیے دیکھنے والوں کو سانس تھمتی ہوئی محسوس ہوئی، مگر ٹرین کے محفوظ گزر جانے پر فضا میں راحت اور حیرت دونوں کے جذبات پھیل گئے۔
یہ واقعہ نہ صرف ایک انجینئرنگ کے شاہکار کی مضبوطی کو اجاگر کرتا ہے بلکہ اس ڈرائیور کے عزم، بہادری اور پیشہ ورانہ مہارت کی بھی یادگار مثال ہے۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








