ٹورنٹو کے اسکوٹیا بینک ایرینا میں برطانوی گلوکارہ اور گریمی ایوارڈ یافتہ دعا لیپا نے اپنے عالمی کنسرٹ ریڈیکل آپٹیمزم ٹور کے کینیڈین مرحلے کا شاندار آغاز کیا۔
30 سالہ گلوکارہ نے اسٹیج پر اپنے دلکش انداز اور دل موہ لینے والی پرفارمنس سے مداحوں کو مسحور کر دیا۔ وہ سنہری میٹالک کورسیٹ باڈی سوٹ اور فش نیٹ ٹائٹس میں جلوہ گر ہوئیں جس نے ان کی پراعتماد اسٹیج موجودگی کو مزید نمایاں کر دیا۔
بعدازاں دعا لیپا نے ایک اور جاذبِ نظر فش نیٹ کیٹ سوٹ زیبِ تن کیا جبکہ کنسرٹ کے اختتام پر انہوں نے نیم شفاف لباس کے ساتھ سفید لانجری اور سسپینڈر پہن کر مداحوں کو حیران کر دیا۔
یہ کنسرٹ ان کے 80 شوز پر مشتمل عالمی ٹور کا حصہ ہے جو 2024 میں شروع ہوا تھا اور دسمبر 2025 تک جاری رہے گا۔
اسٹیج سے ہٹ کر بھی دعا لیپا اور ان کے منگیتر، فلم فینٹاسٹک بیسٹس کے اداکار کالم ٹرنر، اپنی تخلیقی دنیا میں نئے سفر کا آغاز کر چکے ہیں۔
دونوں نے مل کر ایک پروڈکشن کمپنی ٹوینٹی ٹو فلمز لمیٹڈ قائم کی ہے، جو موشن پکچر اور پروگرام پروڈکشن ایکٹیویٹیز کے تحت رجسٹرڈ ہے۔
ذرائع کے مطابق یہ جوڑا ہالی ووڈ کی کامیاب جوڑی مارگوٹ روبی اور ٹام ایکرلی کے نقشِ قدم پر چل رہا ہے جن کی پروڈکشن کمپنی لکی چیپ نے آئی، ٹونیا، سالبَرن اور بلاک بسٹر باربی جیسی کامیاب فلمیں پیش کیں۔ قابل ذکر بات یہ ہے کہ باربی میں دعا لیپا نے بھی کیمیو رول ادا کیا تھا۔
ان خبروں کے بعد امکان ہے کہ دعا لیپا مستقبل میں فلمی پروجیکٹس میں مزید نمایاں کردار ادا کریں گی اور اپنی تخلیقی صلاحیتوں پر زیادہ کنٹرول حاصل کرنے کی کوشش کریں گی۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








