نوشہرو فیروز میں قومی شاہراہ پر المناک حادثہ پیش آیا جہاں ایک تیز رفتار ٹریلر نے کار کو ٹکر مار دی جس کے نتیجے میں ایک ہی خاندان کے 7افرادموقع پر ہی جاں بحق ہوگئے، یہ افسوسناک حادثہ پیر کے روز سِدھو جا کے قریب پیش آیا۔
پولیس کے مطابق کار خیرپور کی جانب جارہی تھی کہ اچانک ایک تیز رفتار ٹریلر اس سے ٹکرا گیا۔ تصادم اتنا شدید تھا کہ کار میں سوار تمام افراد موقع پر ہی دم توڑ گئے۔ حکام کے مطابق جاں بحق ہونے والوں میں دو مرد، تین خواتین اور دو بچے شامل ہیں۔
پولیس نے جاں بحق ہونے والوں میں ایک کی شناخت علی احمد جَنوری کے طور پر کی، جو خیرپور کے گاؤں لقمان جَن محمد جَنوری کا رہائشی تھا۔
افسوسناک امر یہ ہے کہ علی احمد کراچی سے اپنے والد غلام محمد جَنوری کی میت لے کر گاؤں جارہا تھا تاکہ تدفین کی جا سکے لیکن راستے میں پیش آنے والے حادثے نے اس سفر کو دوہرا سانحہ بنا دیا۔
حادثے میں علی احمد کی اہلیہ شبیران اور بیٹی عاصمہ بھی جان سے ہاتھ دھو بیٹھیں جبکہ دیگر اہل خانہ بھی جانبر نہ ہوسکے۔ لاشوں کو قریبی اسپتال منتقل کرنے کے بعد ضروری کارروائی مکمل کی گئی اور بعدازاں انہیں آبائی گاؤں پہنچا دیا گیا۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








