ہزارہ موٹروے پر شاہ مقصود انٹرچینج کے قریب راولپنڈی کی جانب جاتے ہوئے ایک افسوسناک حادثہ پیش آیا جہاں ایک ٹریلر اور کار میں ٹکر کے نتیجے میں ایک ہی خاندان کے پانچ افراد جاں بحق ہو گئے۔
ریسکیو 1122 ہری پور کے ترجمان کے مطابق حادثے میں جاں بحق ہونے والوں میں گلگت کے رہائشی 39 سالہ رضا سلیم سمیت تین مرد اور دو خواتین شامل ہیں جو موقع پر ہی دم توڑ گئے۔
ریسکیو ٹیم نے فوری طور پر موقع پر پہنچ کر لاشوں کو ٹائپ-ڈی اسپتال حویلیاں منتقل کیا۔ امدادی کارروائیوں میں موٹروے پولیس نے بھی حصہ لیا۔
ابتدائی طور پر حادثے کی وجہ معلوم نہیں ہو سکی تاہم متعلقہ ادارے واقعے کی مکمل تحقیقات کر رہے ہیں۔
ترجمان موٹر وے پولیس کے مطابق ٹرالر ڈرائیور نے انتہائی غفلت اور لاپرواہی سے چلاتے ہوئے کار کو پیچھے سے ہٹ کیا جسکے نتیجے میں کار آگے دوسرے ٹرالر میں جالگی۔
سرکاری حکام کا کہنا ہے کہ ملک بھر میں موٹروے اور دیگر شاہراہوں پر اکثر حادثات تیز رفتاری خراب موسم اور بعض اوقات رات کے وقت ڈرائیوروں کے سوجانے یا غفلت کے باعث پیش آتے ہیں جن کے نتیجے میں قیمتی جانیں ضائع ہو جاتی ہیں۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








