بالی ووڈ کے سپر اسٹار سلمان خان ایک بار پھر تنقید کی زد میں آ گئے ہیں اور اس بار الزامات لگانے والے کوئی اور نہیں بلکہ معروف ہدایت کار ابھینو کشیپ ہیں جنہوں نے 2010 میں سلمان خان کے ساتھ بلاک بسٹر فلم دبنگ بنائی تھی۔
ابھینو کشیپ نے اپنے ایک حالیہ انٹرویو میں نہ صرف سلمان خان کو بدتمیز اور غنڈہ مزاج قرار دیا بلکہ یہ بھی کہا کہ سلمان خان کو گزشتہ 25 برسوں سے اداکاری میں کوئی دلچسپی نہیں رہی وہ صرف اپنی شہرت اور طاقت کے نشے میں مبتلا ہیں۔
ابھینو کشیپ کا کہنا تھا کہ سلمان خان دراصل فلم انڈسٹری میں اسٹار سسٹم کے بانی ہیں۔ ان کا تعلق ایک ایسے فلمی خاندان سے ہے جو پچاس برسوں سے انڈسٹری پر قابض ہے۔ یہ لوگ اقتدار چاہتے ہیں، انتقامی رویہ رکھتے ہیں اور جسے پسند نہ کریں اس کے کیریئر کو ختم کرنے پر تل جاتے ہیں۔
انہوں نے دعویٰ کیا کہ اگر آپ ان کے خیالات سے اتفاق نہ کریں تو یہ لوگ آپ کا پیچھا نہیں چھوڑتے۔ ابھینو کے مطابق ان کے بھائی اور مشہور ہدایتکار انوراگ کشیپ کو بھی اسی قسم کی صورتحال کا سامنا تیرے نام کی شوٹنگ کے دوران کرنا پڑا تھا۔ انوراگ نے ابھینو کو پہلے ہی خبردار کر دیا تھا کہ سلمان کے ساتھ فلم بنانا آسان نہیں ہوگا۔
اس تنازعے کے باوجود سلمان خان نے آج تک ابھینو کشیپ کے الزامات پر کوئی کھل کر ردعمل نہیں دیا اور بھارتی میڈیا کے مطابق وہ اس معاملے پر مکمل خاموشی اختیار کیے ہوئے ہیں۔
یہ تنازعہ نہ صرف بالی ووڈ کے طاقتور اسٹار سسٹم پر سوالات کھڑے کرتا ہے بلکہ یہ بھی ظاہر کرتا ہے کہ فلمی دنیا کے پردے کے پیچھے کیا کچھ چل رہا ہوتا ہے جہاں تعلقات، طاقت اور اثر و رسوخ کبھی کبھی فنکارانہ آزادی سے زیادہ اہمیت اختیار کر جاتے ہیں۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








