ایشیا کپ 2025 کی چمکتی دمکتی ٹرافی کی دبئی میں باقاعدہ رونمائی کر دی گئی،اس موقع پر ایشین کرکٹ کونسل (اے سی سی) کے صدر محسن نقوی کے ہمراہ تمام آٹھ ٹیموں کے کپتان بھی موجود تھے جنہوں نے دبئی انٹرنیشنل اسٹیڈیم میں ٹرافی کے ساتھ تصاویر بنوائیں اور ایونٹ کے حوالے سے اپنے جذبات کا اظہار کیا۔
محسن نقوی نے ٹرافی کی رونمائی سے قبل تمام کپتانوں سے فرداً فرداً مصافحہ کیا اور انہیں خوش آمدید کہا۔
ایشیا کپ کا یہ 15واں ایڈیشن ٹی ٹوئنٹی فارمیٹ میں کھیلا جائے گا جو دبئی انٹرنیشنل اسٹیڈیم اور ابوظہبی کے شیخ زاید اسٹیڈیم میں منعقد ہوگا۔ ایونٹ کا فائنل 28 ستمبر کو کھیلا جائے گا۔
🏆CAPTAIN'S WITH THE ASIA CUP TROPHY 🏆 @Assiacup2025 #AsiaCup2025 pic.twitter.com/o7hmZERmtQ
— DP WORLD ASIACUP 2025 (@Assiacup2025) September 9, 2025
ٹورنامنٹ میں آٹھ ٹیموں کو دو گروپوں میں تقسیم کیا گیا ہے۔ گروپ اے میں پاکستان، بھارت، عمان اور میزبان متحدہ عرب امارات شامل ہیں۔
بھارت اپنی مہم کا آغاز 10 ستمبر کو دبئی میں یو اے ای کے خلاف کرے گا، اس کے بعد 14 ستمبر کو دبئی میں روایتی حریف پاکستان سے ٹکرائے گا جب کہ عمان کے خلاف ان کا آخری گروپ میچ 19 ستمبر کو ابوظہبی میں ہوگا۔
گروپ بی میں افغانستان، بنگلہ دیش، ہانگ کانگ اور سری لنکا شامل ہیں جو شائقین کو ایک اور سنسنی خیز مرحلے سے لطف اندوز کریں گے۔
ٹرافی کی رونمائی کے ساتھ ہی ایشیا کپ 2025 کا انتظار ختم اور جوش و خروش کا آغاز ہو گیا ہے، جس کا پہلا میچ دبئی میں شائقین کے بھرپور ہجوم کے سامنے کھیلا جائے گا۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








