طلبہ کیلئے خوشخبری! بنگلہ دیش کا پاکستانیوں کیلئے سیکڑوں اسکالرشپس کا اعلان، حصہ بننے کا طریقہ

تازہ ترین

تازہ ترین

Japan Announces Fully-Funded 2026 Scholarship for Pakistani Students
ONLINE

بنگلہ دیش نے پاکستانی نوجوانوں کے لیے تعلیمی مواقع کے دروازے کھولتے ہوئے 500 اسکالرشپس دینے کا اعلان کیا ہے۔

اس اقدام کا مقصد دونوں ہمسایہ ممالک کے درمیان تعلقات کو مزید مضبوط بنانا اور تعلیمی و ثقافتی تبادلوں کو فروغ دینا ہے۔

یہ اعلان لاہور میں ہونے والی اعلیٰ سطح ملاقات کے دوران کیا گیا جہاں وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے بنگلہ دیش کے وزیر برائے مذہبی امور ڈاکٹر خالد حسین کا خیرمقدم کیا۔

اس موقع پر مسلم لیگ (ن) کے صدر محمد نواز شریف اور پاکستان میں تعینات بنگلہ دیش کے ہائی کمشنر ایم ڈی اقبال حسین خان بھی شریک تھے۔

ملاقات میں دونوں ممالک نے تعلیم کے ساتھ ساتھ دیگر شعبوں میں تعلقات بڑھانے میں دلچسپی کا اظہار کیا۔ مریم نواز نے بنگلہ دیش کی کامیابیوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ گارمنٹس انڈسٹری، مائیکرو فنانس اور خواتین کے بااختیار ہونے کے شعبوں میں ڈھاکہ نے نمایاں ترقی کی ہے۔

انہوں نے کہا کہ پنجاب بنگلہ دیش کے ساتھ قابلِ تجدید توانائی، سیلاب سے بچاؤ اور پائیدار زراعت جیسے شعبوں میں تعاون کا خواہاں ہے تاکہ خطے کے مسائل کو مشترکہ طور پر حل کیا جاسکے۔

نواز شریف نے پاکستان اور بنگلہ دیش کی مشترکہ تاریخ کا حوالہ دیتے ہوئے قومی ہیرو ایم ایم عالم کو خراجِ عقیدت پیش کیا اور کہا کہ ڈھاکہ نے گزشتہ برسوں میں شاندار معاشی ترقی حاصل کی ہے۔ انہوں نے زور دیا کہ دونوں ممالک باہمی اعتماد اور تعاون کے ذریعے زیادہ مضبوط بن سکتے ہیں۔

ڈاکٹر خالد حسین نے پاکستانی قیادت کا شکریہ ادا کرتے ہوئے نواز شریف اور مریم نواز کی عوامی فلاح و ترقی کے لیے خدمات کو سراہا۔ انہوں نے کہا کہ تعلیم کو دونوں ممالک کے نوجوانوں کو قریب لانے کا ذریعہ بنایا جائے گا۔

ہائی کمشنر ایم ڈی اقبال حسین خان نے کہا کہ بنگلہ دیش کے نوجوان پاکستان کی ماضی کی سائنسی و ٹیکنالوجی کامیابیوں کو قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں۔ انہوں نے پنجاب کے فلاحی اقدامات کو عوامی خدمت کی بہترین مثال قرار دیا۔

یہ اسکالرشپ پروگرام دونوں ممالک کے درمیان دیرپا تعلقات قائم کرنے کی جانب ایک اہم قدم قرار دیا جا رہا ہے، جس میں تعلیم کو خطے میں مضبوط تعلقات کی بنیاد سمجھا جا رہا ہے۔

Related Posts