وزیراعظم شہباز شریف کی ہدایت پر وفاقی حکومت نے سیلاب سے متاثرہ علاقوں کے بجلی صارفین کے لیے بڑا ریلیف فراہم کر دیا ہے۔ اگست کے مہینے کے بجلی بلوں کی وصولی روک دی گئی ہے تاکہ متاثرہ خاندانوں پر مالی بوجھ کم ہو۔
یہ فیصلہ اسلام آباد میں ہونے والے ایک اہم اجلاس میں کیا گیا جس کی صدارت وزیراعظم نے کی۔ اجلاس میں سیلاب سے تباہ حال علاقوں کی صورتحال، عوامی مشکلات اور بجلی بلوں کے حوالے سے فوری ریلیف پر غور کیا گیا۔
وزیرِاعظم محمد شہباز شریف کی زیرِ صدارت سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں بجلی کے بلوں کے حوالے سے اہم اجلاس
وزیراعظم کی سیلاب زدہ علاقوں کے بجلی صارفین سے اگست 2025 کے بلوں کی وصولی نا کرنے کی ہدایت
“سیلاب نے پورے پاکستان میں لاکھوں لوگوں کو متاثر کیا ہے۔ مشکل وقت میں عوام کے دکھوں… pic.twitter.com/hzDWPZq3D4
— Government of Pakistan (@GovtofPakistan) September 13, 2025
وزیراعظم کا کہنا تھا کہ اس قدرتی آفت سے ملک کے لاکھوں شہری متاثر ہوئے ہیں اور حکومت ان کے ساتھ کھڑی ہے۔ انہوں نے اعلان کیا کہ جن گھروں سے اگست کا بل پہلے ہی وصول ہو چکا ہے وہ رقم اگلے مہینے کے بل میں ایڈجسٹ کر دی جائے گی۔
وزیراعظم نے مزید کہا کہ جب تک سیلاب سے متاثرہ تمام افراد اپنے گھروں کو واپس نہیں چلے جاتے، حکومت چین سے نہیں بیٹھے گی۔ انہوں نے ریسکیو اور بحالی کے لیے وفاقی اور صوبائی اداروں کی کوششوں کو سراہا اور انہیں مزید تیز کرنے کی ہدایت کی۔
توانائی کے وفاقی وزیر اویس لغاری نے بھی اس فیصلے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ اگست کے بجلی بل معاف کر دیے گئے ہیں اور جن صارفین سے بل کی رقم وصول کی جا چکی ہے، انہیں واپس کیا جائے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ پاور ڈویژن کو اس فیصلے پر فوری عملدرآمد کی ہدایت دے دی گئی ہے۔
وزیراعظم نے عندیہ دیا کہ بجلی بلوں سے متعلق ایک مکمل اور تفصیلی پیکیج کا اعلان جلد کیا جائے گا جو آئی ایم ایف سے جاری مذاکرات مکمل ہونے کے بعد سامنے آئے گا۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








