برطانیہ میں مفت تعلیم حاصل کرنے کا سنہری موقع؛ اپلائی کرنے کا طریقہ جان لیں

تازہ ترین

تازہ ترین

(فوٹو؛ فائل)

ہائر ایجوکیشن کمیشن نے کامن ویلتھ اسکالرشپ 2025 کے لیے درخواستیں وصول کرنے کا اعلان کیا ہے جو برطانیہ کی کامن ویلتھ اسکالرشپ کمیشن کے تعاون سے دئیے جائیں گے۔

یہ اسکالرشپ ماسٹرز اور پی ایچ ڈی کرنے والے طلبہ کے لیے ہیں اور پاکستان اور آزاد جموں و کشمیر کے رہائشی ہی مستحق ہوں گے۔ ماسٹرز کے لیے کم از کم 16 سال کی تعلیم ضروری ہے جبکہ پی ایچ ڈی کے امیدوار کے پاس MS/MPhil یا اسی سطح کی تعلیم یعنی 17‑18 سال کی تعلیم ہونی چاہیے۔

طلبہ کو اپنے تعلیمی ریکارڈ میں پہلی ڈویژن لینی ہوگی اور دو قومی شہریت رکھنے والے لوگ اہل نہیں ہوں گے۔ HAT ٹیسٹ میں کم از کم 60 فیصد نمبر درکار ہیں اور میرٹ کی بنیاد صرف HAT کے اسکور پر ہوگی۔

ماسٹرز پروگرام کیلئے 26 نشستیں اور پی ایچ ڈی کے لیے 30 نشستیں دستیاب ہیں۔ منتخب ہونے والے طلبہ کو برطانیہ میں تعلیم ستمبر 2026 تک شروع کرنا ہوگی۔ پی ایچ ڈی امیدواروں کے لیے تحقیقاتی منصوبہ اور UK کے کسی سپروائزر کا خط بھی جمع کروانا ہوگا۔

درخواستیں HEC اور CSC کے آن لائن پورٹلز دونوں پر جمع کروانی ہوں گی اور تمام ضروری دستاویزات جیسے تعلیمی سندیں، شناختی کارڈ یا ڈومیسائل، HAT کا نتیجہ، سفارش نامے اور پی ایچ ڈی کے درخواست دہندگان کے لیے سپروائزر کا بیان شامل کرنا ہوگا۔ دیر سے موصول ہونے والی یا نامکمل درخواستیں مسترد کی جائیں گی۔

درخواست دینے کی آخری تاریخ 14 اکتوبر 2025، بوقت 4:00 شام (پاکستان اسٹینڈرڈ ٹائم) مقرر ہے۔

ہائر ایجوکیشن کمیشن نے یہ بھی کہا ہے کہ اسکالرشپ حاصل کرنے والے طلبہ تعلیم مکمل ہونے کے بعد پاکستان واپس آئیں گے تاکہ ملک کی ترقی میں اپنا حصہ ڈال سکیں۔

Related Posts