ایشیا کپ میں پاکستان اور متحدہ عرب امارات (یو اے ای) کے درمیان میچ سے قبل پیدا ہونے والا تنازعہ حل ہوگیا ہے۔ ذرائع کے مطابق پاکستان کی درخواست پر میچ ریفری اینڈی پائی کرافٹ کو ہٹا دیا گیا ہے اور ان کی جگہ رچی رچرڈسن اب فرائض انجام دیں گے۔
تفصیلات کے مطابق پاکستان نے بدھ کو یو اے ای کے خلاف میچ کھیلنے کا فیصلہ کیا ہے لیکن پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کا کہنا ہے کہ ایونٹ کے حوالے سے حتمی فیصلہ ابھی زیر غور ہے اور مشاورت کے بعد حتمی لائحہ عمل اختیار کیا جائے گا۔
قبل ازیں انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے پاکستان کی درخواست مسترد کرتے ہوئے کہا تھا کہ اینڈی پائی کرافٹ ہی ریفری رہیں گے جس کے بعد پی سی بی کے چیئرمین محسن نقوی نے حکومت سے مشاورت کے بعد ایونٹ سے دستبرداری کے آپشن پر بھی غور کیا تھا۔
یہ تنازعہ اس وقت سامنے آیا جب پاکستان اور بھارت کے میچ کے ٹاس کے دوران ریفری اینڈی پائی کرافٹ نے پاکستانی کپتان سلمان علی آغا کو بھارتی کپتان سے ہاتھ نہ ملانے کی ہدایت کی۔ بعد میں انکشاف ہوا کہ اس ہدایت کے پیچھے بھارتی بورڈ اور حکومت کا دباؤ تھا۔
میچ کے بعد پاکستانی کپتان نے اختتامی تقریب میں شرکت نہ کرکے احتجاج کیا جبکہ بھارتی کپتان سوریا کمار یادو نے فتح کو پلوامہ واقعے سے جوڑ کر کھیل کو سیاسی رنگ دینے کی کوشش کی جس سے تنازعہ مزید بڑھ گیا۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








