ٹوکیو میں آج ارشد ندیم کا اہم مقابلہ؛ فائنل کی دوڑ میں جگہ بنانے کی جستجو

تازہ ترین

تازہ ترین

(فوٹو؛ فائل)

ٹوکیو میں ہونے والی ورلڈ ایتھلیٹکس چیمپئن شپ کے جیولن تھرو ایونٹ کا کوالیفائنگ راؤنڈ شیڈول کر دیا گیا ہے جس میں پاکستان کے نامور ایتھلیٹ ارشد ندیم اور بھارت کے اولمپک چیمپئن نیرج چوپڑا کو الگ الگ گروپس میں رکھا گیا ہے۔ ارشد ندیم گروپ بی کا حصہ ہیں اور وہ آج بدھ کے روز پاکستانی وقت کے مطابق شام 4:45 بجے میدان میں اتریں گے۔

ارشد کے گروپ میں بھارت کے دو مزید کھلاڑی روہت یادو اور یاش ویر سنگھ شامل ہیں جبکہ عالمی نمبر 3 اینڈرسن پیٹرز، تجربہ کار جولیس یگو اور برازیل کے لوئیس موریسیو ڈا سلوا بھی اسی گروپ کا حصہ ہیں جس کی وجہ سے مقابلہ سخت ہونے کا امکان ہے۔

قوانین کے مطابق جو ایتھلیٹ 84.50 میٹر یا اس سے زیادہ فاصلہ عبور کرے گا وہ براہِ راست فائنل کیلئے کوالیفائی کر جائے گا۔ بصورت دیگر مجموعی طور پر 12 بہترین تھرو کرنے والے کھلاڑی فائنل میں جگہ بنائیں گے۔

ارشد ندیم نے کوالیفائنگ راؤنڈ سے قبل ایک ویڈیو پیغام میں قوم سے دعا کی اپیل کی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ آپ سب کو معلوم ہے کہ میں ورلڈ ایتھلیٹکس چیمپئن شپ کے لیے ٹوکیو میں موجود ہوں۔ میرا کوالیفائنگ راؤنڈ پاکستانی وقت کے مطابق آج شام 4:45 بجے ہوگا۔ میری دعا ہے کہ میں اچھی کارکردگی دکھاؤں اور فائنل تک رسائی حاصل کروں۔ آپ سب سے دعا کی درخواست ہے۔

یاد رہے کہ ورلڈ ایتھلیٹکس چیمپئن شپ کا فائنل 18 ستمبر 2025 کو منعقد ہوگا جس میں دنیا بھر کے ٹاپ جیولن تھرو ایتھلیٹس شرکت کریں گے۔

ارشد ندیم ماضی میں بھی اپنی کارکردگی سے ملک کا نام روشن کر چکے ہیں۔ 2022 میں وہ کامن ویلتھ گیمز میں گولڈ میڈل جیت کر پاکستان کے پہلے ایتھلیٹ بنے جنہوں نے جیولن تھرو میں 90 میٹر کے قریب تھرو کر کے عالمی سطح پر اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوایا۔

Related Posts