سندھ میں لڑکیوں کو سروائیکل کینسر سے محفوظ رکھنے کیلئے شروع کی گئی ویکسینیشن مہم میں تاحال صرف 15 فیصد ہدف حاصل ہوسکا ہے تاہم انسداد کینسرمہم جاری ہے اور سرکاری سطح پر اس سے بڑی توقعات وابستہ کی گئی ہیں۔
محکمہ صحت سندھ کے حفاظتی ٹیکوں کے پروگرام (ای پی آئی) کے مطابق مہم کے ابتدائی تین دنوں کے دوران تقریباً 3 لاکھ 45 ہزار لڑکیوں کو ایچ پی وی ویکسین دی جا چکی ہے جو کہ ان دنوں میں مقرر کیے گئے ہدف کے تقریباً 58 فیصد حصے کے برابر ہے تاہم اگر مجموعی مہم کی بات کی جائے تو یہ صرف 15 فیصد کے قریب بنتی ہے۔
سندھ کے کچھ دیہی اضلاع میں ویکسین مہم کی کارکردگی تسلی بخش رہی ہے۔ کشمور میں 92 فیصد اور بدین میں 89 فیصد اہداف حاصل کیے گئے ہیں جبکہ اس کے برعکس بڑے شہروں جیسے کراچی اور حیدرآباد میں اب تک کی کوریج 50 فیصد سے بھی کم رہی ہے۔
مہم کی مدت اور مقصد
یہ ویکسینیشن مہم 15 ستمبر سے 27 ستمبر تک جاری رہے گی جس کا مقصد 9 سے 14 سال کی عمر کی لڑکیوں کو خطرناک بیماری سروائیکل کینسر سے محفوظ رکھنا ہے۔ ایچ پی وی وائرس جو اس مرض کی بڑی وجہ سمجھا جاتا ہے اس ویکسین سے موثر طریقے سے روکا جا سکتا ہے۔
وزیر صحت کا پیغام
صوبائی وزیر صحت ڈاکٹر ازرا فضل پیچوھو کا کہنا ہے کہ یہ مہم لڑکیوں کی صحت کے تحفظ کے لیے ایک اہم اقدام ہے۔ انہوں نے والدین سے اپیل کی ہے کہ وہ اس مہم میں تعاون کریں تاکہ ہر بچی کو بروقت ویکسین دی جا سکے اور مستقبل میں اس مہلک بیماری سے بچایا جا سکے۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








