اے آر وائی ڈیجیٹل نے ڈرامہ سیریل “شرپسند” کا پہلا ٹیزر جاری کر دیا ہے، جس میں لیجنڈری اداکار نعمان اعجاز ایک نئے روپ میں سامنے آئے ہیں۔
اس بار وہ ایک منفرد اور منفی کردار ادا کر رہے ہیں۔ نعمان اعجاز کو ہمیشہ ان کی بے مثال اداکاری کے لیے سراہا گیا ہے، اور یہ کہا جاتا ہے کہ وہ چند مناظر میں ہی اپنی شناخت قائم کر لیتے ہیں۔
حال ہی میں نعمان اعجاز کے نئے ڈرامے کا ٹیزر جاری کیا گیا ہے، جس میں بظاہر ایسا دکھائی دے رہا ہے کہ ان کا کردار منفی نوعیت کا ہوگا۔
ٹیزر میں نعمان اعجاز شرپسند کردار کا تعارف یوں کروا رہے ہیں کہ شرپسند وہ نہیں ہوتا جو شور مچائے، بلکہ وہ ہوتا ہے جو خاموشی سے دلوں میں دراڑ ڈال دے، اس کے چہرے پر مسکراہٹ، مگر نیت میں زہر چھپا ہوتا ہے اور ضروری نہیں کہ کھلی آنکھوں سے جو دیکھا جائے وہی سچ ہو، کبھی کبھی فراست کا دکھایا ہوا بھی سچ ہوتا ہے۔
ٹیزر میں نعمان اعجاز کے چہرے پر شیطانی مسکراہٹ بھی دکھائی گئی ہے، جب کہ ڈرامے کے عنوان سے ایسا محسوس ہوتا ہے کہ وہ اپنے کردار کے ذریعے لوگوں کو اپنے اشاروں پر نچاتے ہوئے نظر آئیں گے۔
ڈرامے کی کاسٹ میں حریم فاروق، عفان وحید، حرا مانی، نادیہ افگن، ثمینہ احمد اور دیگر شامل ہیں۔ ’شرپسند‘ کی کہانی سارہ صادق نے لکھی ہے، جب کہ اس کی ہدایتکاری احسن طلیش نے کی ہے۔
فی الحال ڈرامے کی ریلیز تاریخ کا اعلان نہیں کیا گیا، تاہم امید کی جا رہی ہے کہ یہ جلد منظر عام پر آئے گا۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








