کراچی: سندھ کے سینئر وزیر شرجیل انعام میمن نے کہا ہے کہ ریڈ لائن بس ریپڈ ٹرانزٹ (بی آر ٹی) منصوبے کی تکمیل میں مزید دو سال لگ سکتے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ اگلے چار سے چھ ماہ میں اس منصوبے کے باعث عوام کو درپیش بیشتر مسائل حل کر دیے جائیں گے۔ انہوں نے اے آر وائی نیوز کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ یونیورسٹی روڈ پر عوامی مشکلات کو جنوری یا فروری تک ختم کر دیا جائے گا۔
شرجیل میمن نے کہا کہ حکومت اس منصوبے کی جلد از جلد تکمیل چاہتی ہے تاہم ریڈ لائن بی آر ٹی کے راستے سے گیس، پانی اور کے الیکٹرک کی لائنوں کی منتقلی ایک بڑا مسئلہ ہے، جس پر کام جاری ہے۔
کراچی کے طلبہ کیلئے خوشخبری! انٹر میں پوزیشن لینے پر الیکٹرک بائیکس انعام
ان کا کہنا تھا کہ حکومت اس منصوبے کی وجہ سے ہونے والی بدنامی کی ذمہ دار نہیں، بلکہ ہم روزانہ کی بنیاد پر کمشنر کراچی کو ہدایت دے رہے ہیں کہ وہ صورتحال پر نظر رکھیں اور اقدامات جاری رکھیں۔
انہوں نے کہا کہ سندھ حکومت بی آر ٹی منصوبوں کے حوالے سے کئی مشکلات کا شکار ہے مگر کام مسلسل جاری ہے۔ انہوں نے نگراں حکومت کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ ان کے نو ماہ کے دور میں یہ منصوبہ تعطل کا شکار رہا اور کسی نے آواز بلند نہیں کی۔
وزیر نے کہا کہ ریڈ لائن منصوبے کے معاہدے پر دستخط کے بعد تعمیراتی سامان کی قیمتوں میں اضافہ ایک بدقسمتی ہے جس نے مشکلات بڑھا دی ہیں۔
آخر میں انہوں نے کراچی کے عوام سے بی آر ٹی کے باعث پیدا ہونے والی پریشانیوں پر معذرت کرتے ہوئے کہا کہ سندھ حکومت روزانہ مسائل حل کرنے کی کوشش کر رہی ہے اور منصوبے کو جلد مکمل کرنے کا ارادہ رکھتی ہے۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








