ڈیرہ اسماعیل خان: داناسر میں ایک خوفناک ٹریفک حادثے میں ایک ہی خاندان کے 11 افراد جاں بحق اور 3 زخمی ہوگئے۔
حادثہ اس وقت پیش آیا جب خنو زئی بلوچستان سے ڈیرہ اسماعیل خان جانے والی مزدا گاڑی کے بریک فیل ہوگئے جس کے نتیجے میں قیمتی جانیں ضائع ہو گئیں۔
ریسکیو 1122 ڈیرہ اسماعیل خان کی ٹیم اطلاع ملتے ہی جائے حادثہ پر پہنچ گئی اور امدادی کارروائیاں شروع کر دیں۔
ریسکیو عملے نے 3 زخمیوں کو فوری طبی امداد فراہم کی اور انہیں ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹرز اسپتال منتقل کیا جبکہ 7 لاشوں کو جائے وقوعہ سے نکالا گیا۔ مقامی افراد کی مدد سے مزید 4 لاشوں کو بھی اسپتال منتقل کیا گیا۔
ریسکیو ذرائع کے مطابق حادثے میں جاں بحق ہونے والوں میں 5 خواتین، ایک مرد اور ایک بچہ شامل ہیں جبکہ زخمیوں میں دریائے خان (27 سال)، یوسف (10 سال) اور احمد (25 سال) شامل ہیں۔ اس دلخراش واقعے نے علاقے میں کہرام برپا کر دیا ہے اور متاثرہ خاندان شدید غم میں مبتلا ہے۔
ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسر انجینئر فصیح اللہ نے حادثے پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا، جاں بحق افراد کے لیے مغفرت اور لواحقین کے لیے صبر جمیل کی دعا کی۔ ریسکیو 1122 کے ترجمان احسان خان کے مطابق زخمیوں اور جاں بحق افراد کو مقررہ طریقہ کار کے مطابق اسپتال منتقل کیا گیا اور ضروری کارروائی عمل میں لائی جا رہی ہے۔
یہ حادثہ نہ صرف ایک خاندان بلکہ پورے علاقے کے لیے صدمہ ہے جس نے ٹریفک حفاظتی اقدامات اور گاڑیوں کی باقاعدہ مرمت کے حوالے سے کئی سوالات کو جنم دیا ہے۔
مقامی لوگ حکام سے مطالبہ کر رہے ہیں کہ ایسے حادثات کی روک تھام کے لیے ٹھوس اقدامات کیے جائیں تاکہ آئندہ انسانی جانوں کا ضیاع روکا جا سکے۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








