معروف اداکارہ ماورا حسین اور طلحہ چہور کا ڈرامہ ’’جمع تقسیم‘‘ شہرت کی بلندیوں کو چھو رہا ہے اور اس کی وجہ بھی سامنے آگئی ہے، کیونکہ اس کی کہانی نے سوشل میڈیا صارفین کے دلوں کو چھو لیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق حال ہی میں یہ ڈرامہ ایک نجی ٹی وی چینل پر آن ایئر ہوا ہے۔ اس کی کہانی ثروت نذیر نے لکھی ہے جبکہ ہدایتکاری علی حسن نے کی ہے۔
کاسٹ میں ماورا حسین، طلحہ چہور، جاوید شیخ، حسن احمد، مدیحہ رضوی، آمنہ ملک اور دیگر شامل ہیں۔ یہ پہلا موقع ہے کہ ماورا اور طلحہ ایک ساتھ اسکرین پر نظر آرہے ہیں۔
یہ ڈرامہ خاندانی کہانی پر مبنی ہے، جو دکھاتا ہے کہ جوائنٹ فیملی میں رہنے کے اپنے فائدے بھی ہیں مگر جذباتی دباؤ اور مسائل بھی پیدا ہوتے ہیں۔ ماورا ایک امیر گھرانے سے تعلق رکھتی ہیں۔ ان کے والد کا کردار دیپک پروانی اور والدہ کا کردار تزئین حسین ادا کررہی ہیں۔ طلحہ ان کے کالج فیلو ہیں، اور ماورا انہیں پسند کرتی ہیں۔ جیسے ہی کالج ختم ہونے کو ہوتا ہے، ماورا فیصلہ کرتی ہیں کہ وہ شادی کریں گی۔
جب وہ اپنے والدین کو یہ بات بتاتی ہیں تو وہ کہتے ہیں: ’’نہیں، تمہیں مزید پڑھائی کرنی چاہیے اور کیریئر بنانا چاہیے۔‘‘ مگر ماورا بضد ہوتی ہیں کہ وہ صرف شادی کرنا چاہتی ہیں اور وہ بھی اپنے کالج فیلو سے۔ ان کے والدین پہلے ہی لڑکے سے مل چکے ہوتے ہیں اور کہتے ہیں کہ اس کا گھرانہ اس قابل نہیں، کیونکہ ان کا معیار کم ہے اور وہ قدامت پسند لوگ ہیں۔
ماورا کو سمجھایا جاتا ہے کہ وہ ایک آزاد زندگی گزار چکی ہیں اور وہاں ایڈجسٹ نہیں کر پائیں گی لیکن وہ ڈٹی رہتی ہیں۔ ان کے والد کہتے ہیں ٹھیک ہے، لڑکے کو گھر بلالو۔ دوسری طرف طلحہ کی بھابھی چاہتی ہیں کہ وہ اپنی بہن سے ان کی شادی کرائیں۔ وہ اپنے سسر اور ساس سے بات کرتی ہیں اور کہتی ہیں کہ اس کی بہن طلحہ کے لیے زیادہ مناسب ہے۔ طلحہ کے والدین بھی مان جاتے ہیں۔
مگر جب طلحہ کو بتایا جاتا ہے تو وہ انکار کر دیتا ہے اور کہتا ہے کہ وہ صرف ماورا سے شادی کرے گا۔ یوں دونوں کی شادی ہوجاتی ہے۔ آگے کیا ہوتا ہے یہ دیکھنا دلچسپ ہے، کیونکہ ماورا ایک امیر گھر کی لڑکی ہیں جنہیں نہ تو کھانا پکانا آتا ہے اور نہ ہی گھریلو کام، جبکہ ان کے سسرال میں تمام بہوئیں خود گھر کے کام اور کھانا بناتی ہیں۔
مدیحہ رضوی، جو اپنی بہن کی شادی اپنے دیور سے کروانا چاہتی تھیں، اب یقینی طور پر ہر قدم پر ماورا کو نیچا دکھانے کی کوشش کریں گی۔ آمنہ ملک اور مدیحہ رضوی آپس میں نند بھابھی ہیں مگر ایک دوسرے کے ساتھ نہیں بنتی، اس لیے پہلے ہی گھر میں کئی مسائل ہیں۔ اب دیکھنا یہ ہے کہ ماورا حسین ان سب حالات سے کیسے نمٹتی ہیں اور طلحہ اور ماورا کا رشتہ کتنا مضبوط رہ پاتا ہے۔
مدیحہ رضوی ہر ممکن کوشش کر رہی ہیں کہ اس رشتے کو خراب کریں۔ اس کہانی کو بہت پسند کیا جا رہا ہے، خاص طور پر طلحہ اور ماورا حسین کی اداکاری اور ان کی جوڑی کو سراہا جا رہا ہے۔ آنے والی قسطیں یقیناً مزید دلچسپ ہوں گی۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








