کوئٹہ میں بدھ کے روز سیکورٹی فورسز نے بلوچستان کے مختلف علاقوں میں تین الگ الگ انٹیلی جنس معلومات پر مبنی آپریشنز کے دوران 18 بھارتی سرپرستی میں سرگرم دہشت گردوں کو ہلاک کر دیا۔
سیکورٹی ذرائع کے مطابق یہ کارروائیاں دہشت گردی کی بڑھتی ہوئی سرگرمیوں کے خلاف کی گئیں تاکہ علاقے کو دہشت گردی کے خطرات سے پاک کیا جا سکے۔
پہلا آپریشن کوئٹہ کے نواحی علاقے غازہ بند میں دہشت گردوں کی موجودگی کی اطلاع پر کیا گیا۔
کارروائی کے دوران سیکورٹی فورسز نے فتنے الخوارج کے ٹھکانے کو نشانہ بنایا اور شدید فائرنگ کے تبادلے کے بعد 10 بھارتی حمایت یافتہ دہشت گرد مارے گئے۔ اس آپریشن میں سیکورٹی فورسز کے دو اہلکار بھی زخمی ہوئے۔
اس کے علاوہ ژوب اور شیرانی کے اضلاع میں کیے گئے دو مزید آپریشنز میں آٹھ دہشت گرد مارے گئے۔
پاکستان کا جدید فتح 4 کروز میزائل کا کامیاب تجربہ، دشمن پر لرزہ طاری
ان کارروائیوں کے دوران دہشت گردوں کے قبضے سے بھاری مقدار میں اسلحہ اور گولہ بارود بھی برآمد کیا گیا۔ ذرائع کے مطابق ہلاک شدہ دہشت گرد ان علاقوں میں متعدد تخریبی اور دہشت گردانہ کارروائیوں میں ملوث تھے۔
واضح رہے کہ اس سے ایک روز قبل بھی کوئٹہ میں جناح روڈ کے قریب ایک خودکش حملہ ناکام بنایا گیا تھا جس کی ذمہ داری بھارتی پراکسی نیٹ ورک فتنہ الہندستان پر ڈالی گئی۔
اس حملے میں پانچ دہشت گرد ہلاک ہوئے تھے جن میں ایک خودکش بمبار بھی شامل تھا۔ دہشت گرد ایف سی کے اہلکاروں کے یونیفارم میں ملبوس تھے، حملے میں ایف سی کے دو اہلکار زخمی ہوئے تھے۔
سیکورٹی فورسز نے اس عزم کا اعادہ کیا ہے کہ وہ بھارتی سرپرستی میں ہونے والی دہشت گردی کے خطرے کو مکمل طور پر ختم کریں گے اور ملک دشمن عناصر کو انصاف کے کٹہرے میں لائیں گے۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








