کراچی میں محکمہ موسمیات نے سندھ کے ماہی گیروں کو مشورہ دیا ہے کہ وہ تین اکتوبر تک کھلے سمندر کا رخ نہ کریں کیونکہ شمال مشرقی بحیرہ عرب میں موجود کم دباؤ کے باعث موسم کی صورتحال خراب ہے اور سمندر میں شدید طغیانی کا خدشہ ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق یہ کم دباؤ اب کراچی کے جنوب مشرق میں تقریباً 310 کلومیٹر کے فاصلے پر موجود ہے اور بھارت کے صوبہ گجرات کے ساحلی علاقے سوراشٹر کے قریب بحیرہ عرب میں پھیلا ہوا ہے۔
ماہرین کا کہنا ہے کہ یہ سسٹم آئندہ بارہ گھنٹوں میں مزید شدت اختیار کرتے ہوئے ڈپریشن میں تبدیل ہو سکتا ہے اور اس کا رخ مغرب یا جنوب مغرب کی طرف ہوگا۔
کراچی کے مختلف علاقوں میں زلزلے کے جھٹکے! شدت 3.2 ریکارڈ کی گئی
محکمہ موسمیات نے پیش گوئی کی ہے کہ اس موسمی نظام کے اثرات کے باعث تھرپارکر، عمرکوٹ، سانگھڑ، میرپور خاص، بدین، حیدرآباد، جامشورو، ٹھٹھہ، سجاول، ٹنڈو محمد خان، ٹنڈو الٰہ یار، مٹیاری اور کراچی ڈویژن میں ہلکی سے درمیانی شدت کی بارش کا امکان ہے۔
محکمہ نے خبردار کیا ہے کہ سمندر کی صورتحال خراب یا نہایت خراب رہے گی اور ہوائیں 45 سے 55 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے چل سکتی ہیں۔
اس لیے سندھ کے ماہی گیروں کو تین اکتوبر تک کھلے سمندر میں نہ جانے کی ہدایت کی گئی ہے۔ محکمہ موسمیات کے سائیکلون وارننگ سینٹر کراچی اس نظام پر مسلسل نظر رکھے ہوئے ہے اور حالات کے مطابق اپ ڈیٹس جاری کرتا رہے گا۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








