پاکستان گڈز ٹرانسپورٹ الائنس نے وفاقی حکومت کی جانب سے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں حالیہ اضافے کو مسترد کرتے ہوئے اسے ناقابلِ قبول قرار دیا ہے۔
الائنس کے صدر ملک شہزاد اعوان کا کہنا ہے کہ ٹرانسپورٹرز مزید مالی دباؤ برداشت کرنے کی پوزیشن میں نہیں ہیں، بار بار پیٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں اضافہ ٹرانسپورٹ کے شعبے کو عدم استحکام کی طرف لے جا رہا ہے۔
آخر وفاقی حکومت کیا چاہتی ہے؟ غربت کی چکی میں پسی عوام پر پیٹرول حملہ
ملک شہزاد اعوان نے واضح کیا کہ اس صورتحال کے پیشِ نظر ٹرانسپورٹ الائنس نے کرایوں میں تین فیصد اضافے کا فیصلہ کیا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ اگر حکومت نے اپنے فیصلے پر نظرثانی نہ کی تو ٹرانسپورٹ یونینز آئندہ دنوں میں مزید اقدامات کا اعلان کریں گی۔
یہ پیش رفت وزارتِ خزانہ کی جانب سے پندرہ روزہ بنیاد پر جاری ہونے والے نوٹیفکیشن کے بعد سامنے آئی، جس میں پیٹرول کی قیمت 4روپے 7پیسے فی لیٹر بڑھا کر 268روپے 68پیسے فی لیٹر جبکہ ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت 4روپے 4پیسے بڑھا کر 276روپے 81پیسے فی لیٹر مقرر کی گئی۔ حکومت کے اعلان کے فوری بعد یہ نئی قیمتیں نافذالعمل ہو گئیں۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








