کیا آپ وہ گوشت کھا رہے تھے جو نالے میں پھینکا گیا؟ ویڈیو نے بھانڈا پھوڑ دیا

تازہ ترین

تازہ ترین

(فوٹو؛ اسکرین گریب)

پنجاب فوڈ اتھارٹی نے انسانی صحت سے کھیلنے کی ایک اور کوشش ناکام بناتے ہوئے خفیہ اطلاع پر کی گئی کارروائی میں بیمار اور لاغر جانوروں کا گوشت بڑی مقدار میں برآمد کر لیا۔

تفصیلات کے مطابق سالم انٹرچینج کے قریب ایک مشکوک گاڑی کو روکا گیا جس کی تلاشی کے دوران تقریباً 1,000 کلوگرام ناقص گوشت برآمد کیا گیا۔ ویٹرنری ماہر کی رپورٹ کے مطابق گوشت انتہائی غیر معیاری اور انسانی صحت کے لیے خطرناک تھا۔

حکام کا کہنا ہے کہ یہ گوشت گوجرہ سے راولپنڈی اسمگل کیا جا رہا تھا تاہم بروقت ناکہ بندی کی وجہ سے ملزمان کی کوشش ناکام بنادی گئی۔ گاڑی میں سوار افراد موقع سے فرار ہوگئے جبکہ فوڈ اتھارٹی نے گوشت کو موقع پر ہی تلف کر دیا۔

راولپنڈی کے علاقے وارث خان میں ایک گھر پر چھاپہ مار کارروائی کے دوران 1,200 کلوگرام باسی اور بدبودار گوشت برآمد کیا گیا جسے غیر قانونی طور پر ذخیرہ کیا گیا تھا۔ بعد ازاں یہ گوشت بھی نالے میں پھینک کر تلف کر دیا گیا۔

پنجاب فوڈ اتھارٹی کے ترجمان نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ وہ ناقص یا مشکوک گوشت کی خریداری سے گریز کریں اور ایسی کسی بھی سرگرمی کی اطلاع فوراً متعلقہ حکام کو دیں تاکہ عوامی صحت کا تحفظ یقینی بنایا جا سکے۔

پولیس نے دونوں واقعات میں مقدمات درج کر کے فرار ملزمان کی تلاش شروع کر دی ہے۔ فوڈ اتھارٹی کا کہنا ہے کہ ایسے عناصر کے خلاف کارروائیاں آئندہ بھی جاری رہیں گی۔

Related Posts