عوام سمجھ رہے تھے کہ مون سون ختم ہوگیا اور اب طوفانی بارشوں اور سیلابی ریلوں سے جان چھوٹ گئی مگر ایسے اور اتنی جلدی کہاں۔ بارشوں نے لگتا ہے جاتے جاتے پلٹ کر وار کرنے کا فیصلہ کرلیا ہے۔ عوام تیاری کرلیں۔
محکمہ موسمیات نے پیش گوئی کی ہے کہ 2 سے 7 اکتوبر کے دوران ملک کے کئی حصوں، بشمول راولپنڈی اور اسلام آباد، میں تیز ہوائیں، بارش اور گرج چمک کے ساتھ طوفان آ سکتے ہیں۔
محکمہ موسمیات نے 3 سے 6 اکتوبر کے دوران پنجاب اور اسلام آباد میں بارش اور ژالہ باری کی پیش گوئی کی ہے۔ اسی طرح خیبر پختونخوا میں 2 سے 7 اکتوبر تک بارش متوقع ہے، جبکہ کچھ علاقوں میں تیز ہوائیں اور ژالہ باری بھی ہو سکتی ہے۔
سمندر میں طغیانی کا خطرہ، ماہی گیروں کو پانی میں جانے سے روک دیا گیا
کشمیر اور گلگت بلتستان میں 2 اور 3 اکتوبر کو بارش کا امکان ہے، جبکہ 4 سے 7 اکتوبر کے دوران کشمیر میں برفباری بھی ہو سکتی ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق سندھ کے مختلف اضلاع میں بھی آج رات سے 3 اکتوبر تک بارش کی پیش گوئی کی گئی ہے۔
اسی طرح بلوچستان کے کچھ علاقوں میں 4 سے 6 اکتوبر کے دوران بارش اور آندھی طوفان کی توقع ہے۔
محکمہ نے نچلے علاقوں میں شہری سیلاب (اربن فلڈنگ) اور ندی نالوں میں طغیانی کے خدشے سے خبردار کیا ہے۔
رپورٹ میں یہ بھی بتایا گیا ہے کہ پہاڑی علاقوں میں برفباری کے باعث درجہ حرارت میں نمایاں کمی ہو سکتی ہے۔ محکمہ موسمیات نے متعلقہ اداروں کو الرٹ رہنے کی ہدایت کی ہے۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








