سوشل میڈیا صارفین ایک نجی ٹی وی چینل کو ایک المناک واقعے کو مبینہ طور پر اپنی ریٹنگز بڑھانے کے لیے استعمال کرنے پر شدید تنقید کا نشانہ بنا رہے ہیں۔
بات ہو رہی ہے معروف سوشل میڈیا اسٹار احمد شاہ کی وائرل ویڈیو کی، جس میں وہ اپنے چھوٹے بھائی عمر شاہ کی حالیہ وفات پر بات کرتے ہوئے زار و قطار رو رہے ہیں۔
عمر شاہ کی وفات کی خبر نے نہ صرف ان کے مداحوں بلکہ شوبز انڈسٹری کی شخصیات کو بھی گہرے صدمے میں مبتلا کیا اور سوشل میڈیا پر ان کے لیے تعزیتی پیغامات کا تانتا بندھ گیا۔
تاہم عمر شاہ کی وفات کے بعد احمد شاہ کی میڈیا پر پہلی بار نمودار ہونے والی ویڈیو سوشل میڈیا صارفین کو سخت ناپسند آئی۔ سوشل میڈیا پر صارفین نے نہ صرف میڈیا بلکہ بچے کے خاندان کو بھی تنقید کا نشانہ بنایا اور الزام لگایا کہ احمد شاہ کے غم کو TRPs کے لیے استعمال کیا جا رہا ہے۔
یہ وہ خدشہ ہے جو پہلے بھی مختلف ذرائع ابلاغ کی جانب سے احمد شاہ اور ان کے بہن بھائیوں کے ساتھ میڈیا انڈسٹری میں برتاؤ کے حوالے سے ظاہر کیا جا چکا ہے۔
یہ واقعہ اس وقت پیش آیا جب نجی چینل اے آر وائی کے سالگرہ کے خصوصی شو میں احمد شاہ اور ان کے بھائی ابوبکر کو میزبان وسیم بادامی اور فہد مصطفیٰ کے ساتھ اسٹیج پر مدعو کیا گیا۔ اگرچہ یہ تقریب خوشی کی تھی، مگر اس کا ماحول اس وقت افسردہ ہو گیا جب احمد شاہ سے ان کے مرحوم بھائی کے بارے میں بات کرنے کو کہا گیا۔
احمد شاہ نے آنسو ضبط کرنے کی کوشش کرتے ہوئے کہا: “مجھے آج بھی ہماری لڑائیاں یاد ہیں… وہ میرا بہت پیارا بھائی تھا۔”
لائیو ٹی وی پر احمد کی یہ جذباتی کیفیت کئی ناظرین کو آبدیدہ کر گئی، مگر ساتھ ہی اخلاقی سوالات بھی جنم دے گئی کہ کیا ایک بچے کے ذاتی غم کو یوں عوامی شو میں لانا درست تھا؟
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








