سدھارتھ ملہوترا اور جھانوی کپور کی فلم پرم سندری اپنی ریلیز کے بعد باکس آفس پر خاطر خواہ کامیابی حاصل نہ کرسکی۔
فلم کی پہلی ہفتے کی مقامی کمائی تقریباً 40 کروڑ بھارتی روپے رہی جبکہ اس کا بجٹ لگ بھگ 60 کروڑ روپے بتایا جاتا ہے، اس تناظر میں فلم کو مقامی مارکیٹ میں ناکام قرار دیا جارہا ہے۔
ابتدائی دنوں میں فلم نے بہتر آغاز کیا اور اوپننگ ویک اینڈ پر اچھے اعداد و شمار سامنے آئے، تاہم ہفتے کے دوران کمائی میں تیزی سے کمی آئی جس کے باعث فلم اپنی لاگت تک بھی واپس حاصل نہ کر سکی۔
اگرچہ فلم کی دنیا بھر میں مجموعی کمائی ستمبر کے آخر تک 89 کروڑ بھارتی روپے تک جا پہنچی لیکن پھر بھی یہ اعداد و شمار گھریلو مارکیٹ میں اسے کامیاب ثابت کرنے کے لیے ناکافی ہیں۔
فلم کو تجارتی طور پر ناکامی کا سامنا ضرور ہوا مگر جھانوی کپور کی پرفارمنس اور ان کی سدھارتھ کے ساتھ اسکرین کیمسٹری کو کافی سراہا گیا۔ ناظرین نے دونوں اداکاروں کے درمیان رومانوی انداز کو فلم کی نمایاں خوبی قرار دیا۔
ناقدین کے مطابق فلم کی ناکامی کی ایک بڑی وجہ اس عرصے میں ریلیز ہونے والی دیگر بڑی فلموں سے سخت مقابلہ بھی تھا۔ اس کے علاوہ فلم کو ملیالم ثقافت اور عوام کی دقیانوسی عکاسی پر تنقید کا سامنا کرنا پڑا جس نے بالخصوص کیرالہ کے مقامی شائقین کو مایوس کیا۔
دوسری جانب فلم کے میوزک کو شاندار، رنگین اور دلکش قرار دیا گیا جس نے کچھ حد تک شائقین کو اپنی طرف متوجہ کیا۔ تاہم مجموعی طور پر پرم سندری باکس آفس پر ایک ناکام فلم کے طور پر سامنے آئی۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








