آئی جی سندھ غلام نبی میمن نے کراچی میں بغیر ڈرائیونگ لائسنس گاڑی چلانے پر بھاری جرمانے عائد کرنے کا اعلان کیا ہے۔
کراچی میں ایک نجی ہوٹل میں منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے آئی جی سندھ غلام نبی میمن نے کہا کہ بغیر ڈرائیونگ لائسنس کے گاڑی چلانے والوں پر بھاری جرمانے عائد کیے جائیں گے۔
اس موقع پر ایڈیشنل آئی جی کراچی جاوید عالم اوڈھو اور ڈی آئی جی ٹریفک سید پیر محمد شاہ بھی موجود تھے۔
آئی جی سندھ نے بتایا کہ شہریوں کو برسوں سے جس اقدام کا انتظار تھا، اب وہ پورا ہونے جا رہا ہے۔
سندھ حکومت نے ٹریفک قوانین کو مزید سخت بنانے کے حوالے سے پولیس کے مطالبات منظور کرلیے ہیں۔
برطانیہ سے چوری ہونے والی لگژری گاڑی کراچی کے کونسے علاقے میں پہنچ گئی؟
ان کا کہنا تھا کہ تجویز یہ تھی کہ بغیر ڈرائیونگ لائسنس کے چالان کو ایک لاکھ روپے تک لے جایا جائے، تاہم سندھ حکومت نے اتنے بھاری چالان کی اجازت نہیں دی۔
نئے فیصلے کے مطابق بغیر لائسنس کے موٹر سائیکل چلانے پر 20 ہزار روپے، کار پر 30 ہزار روپے اور ہیوی وہیکل پر 50 ہزار روپے کا چالان کیا جائے گا۔
انہوں نے مزید کہا کہ عام طور پر یہ تاثر پایا جاتا ہے کہ شہر میں کیمرے لگنے سے ٹریفک کا نظام آسان ہوگیا ہے، لیکن حقیقت یہ ہے کہ محض کیمروں سے مسائل حل نہیں ہوں گے۔
ڈرائیونگ لائسنس کے نظام کو بہتر ضرور بنایا گیا ہے مگر اس میں مزید بہتری لانا ناگزیر ہے، کیونکہ جب تک لائسنس کے اجرا کا نظام درست نہیں ہوگا، ٹریفک کا مجموعی ڈھانچہ بہتر نہیں ہوسکتا۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








