لاس اینجلس: ہالی ووڈ میں حال ہی میں متعارف کرائی گئی مصنوعی ذہانت سے تخلیق شدہ اداکارہ ٹلی نارووڈ نے فلمی دنیا میں ایک نئی بحث چھیڑ دی ہے۔
زیوریخ میں ایک فلمی کانفرنس کے دوران اس ورچوئل کردار کی پہلی جھلک پیش کی گئی جس کے بعد ہالی ووڈ کے اداکاروں کی نمائندہ تنظیم سیگ افٹرا نے سخت ردعمل ظاہر کرتے ہوئے کہا ہے کہ انسانی فنکاروں کو اے آئی سے بدلنا ناقابل قبول ہے۔
ٹلی نارووڈ کا تعارف ایک بیس سیکنڈ کی ویڈیو کے ذریعے کرایا گیا جس میں وہ ایک فرضی ٹی وی شو کی پیروڈی میں نظر آئیں۔ یہ کردار کسی حقیقی شخصیت سے مشابہت نہیں رکھتا بلکہ ایک مکمل تخلیقی کام ہے۔
اس پروجیکٹ کو لندن کی پروڈکشن اسٹوڈیو پارٹیکل 6 نے تخلیق کیا ہے جس کی سربراہی ڈچ اداکارہ اور پروڈیوسر ایلائن وان ڈر ویلن کر رہی ہیں۔ ان کا دعویٰ ہے کہ بڑی فلمی کمپنیوں اور ٹیلنٹ ایجنٹس نے اس منصوبے میں دلچسپی دکھانا شروع کر دی ہے اور جلد ہی ایک منفرد معاہدے کا اعلان متوقع ہے۔
اداکاروں اور مصنفین کے حقوق پر مصنوعی ذہانت کے اثرات پہلے ہی سے ہالی ووڈ میں تشویش کا باعث ہیں۔
سیگ افٹرا نے اپنے بیان میں کہا کہ تخلیقی صلاحیتیں ہمیشہ انسان پر مبنی ہونی چاہئیں اور کسی کمپیوٹر پروگرام کے ذریعے پیش کیے گئے کردار کو اداکار قرار نہیں دیا جا سکتا، کیونکہ یہ ان گنت پیشہ ور فنکاروں کی محنت سے تربیت یافتہ ماڈلز پر مبنی ہے، جس میں نہ ان سے اجازت لی گئی اور نہ معاوضہ دیا گیا۔
دلچسپ بات یہ ہے کہ ٹلی نارووڈ نہ صرف ویڈیوز بلکہ سوشل میڈیا پر بھی متحرک دکھائی گئی ہیں، جہاں ان کے ایک فرضی پیغام میں لکھا گیا کہ میں چاہے مصنوعی ذہانت سے بنی ہوں لیکن اس وقت بہت حقیقی جذبات محسوس کر رہی ہوں اور آنے والے وقت کے لیے پرجوش ہوں لیکن یونین نے اسے فنکاروں کے ساتھ ناانصافی اور ان کی محنت کی توہین قرار دیا۔
ایلائن وان ڈر ویلن نے سوشل میڈیا پر وضاحت کرتے ہوئے کہا کہ ٹلی نارووڈ کسی انسان کا متبادل نہیں بلکہ ایک فن پارہ ہے، جس کا مقصد بحث اور مکالمہ پیدا کرنا ہے تاہم ان کا ایک پرانا بیان متنازع ثابت ہوا جس میں انہوں نے کہا تھا کہ وہ چاہتی ہیں ٹلی نارووڈ مستقبل کی سکارلٹ جوہانسن یا نٹالی پورٹ مین بنے۔
دوسری جانب ماہرین کا کہنا ہے کہ اس وقت مکمل طور پر مصنوعی کرداروں میں سنجیدہ سرمایہ کاری کا کوئی امکان نہیں ہے۔
یونیورسٹی آف سدرن کیلیفورنیا کے ماہر ایوز برگکوئسٹ نے اس معاملے کو محض غیر ضروری ہلچل قرار دیتے ہوئے کہا کہ سکارلٹ جوہانسن ایک حقیقی شخصیت ہیں، ان کا مداحوں سے تعلق ہے، جو کسی مصنوعی کردار کے بس کی بات نہیں۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








