اسپیکر پنجاب اسمبلی ملک محمد احمد خان کو کامن ویلتھ پارلیمنٹیرین آف دی ائیر کا اعزاز دے دیا گیا جو نہ صرف ان کی ذاتی کامیابی ہے بلکہ پاکستان کے لیے بھی عالمی سطح پر ایک بڑا اعزاز تصور کیا جا رہا ہے۔
ایوارڈ دینے کی تقریب بارباڈوس میں وزیرِاعظم کی رہائش گاہ پر منعقد ہوئی جہاں پاکستانی وفد بھی شریک تھا۔ وفد میں رکن اسمبلی سارہ احمد، علی حیدر گیلانی، ملک احمد سعید اور دیگر شامل تھے۔
ملک احمد خان نے ایوارڈ کو پاکستان کے لیے باعثِ فخر قرار دیا اور کہا کہ دنیا میں پارلیمانی اصلاحات کی ضرورت ہے اور پاکستان اس میں فعال کردار ادا کر رہا ہے۔
دلچسپ بات یہ ہے کہ وہ اس اعزاز کو حاصل کرنے والے پہلے پاکستانی اور ایشیائی اسپیکر بن گئے ہیں جسے ان کی پارلیمانی قیادت اور جمہوری خدمات کا عالمی سطح پر اعتراف سمجھا جا رہا ہے۔
اس کے ساتھ ساتھ انہیں کامن ویلتھ پارلیمنٹری ایسوسی ایشن (CPA) کی ایشیا ریجنل ایگزیکٹو کمیٹی کا رکن بھی منتخب کر لیا گیا ہے جہاں وہ آئندہ تین سال (2025 تا 2028) تک نمائندگی کریں گے۔
کانفرنس کے دوران ملک احمد خان نے کئی اہم رہنماؤں سے ملاقاتیں کیں جن میں سی پی اے کے سیکرٹری جنرل اسٹیفن ٹوِگ بھی شامل تھے۔ ان ملاقاتوں میں قانون سازی، پارلیمانی تعاون اور جمہوری رابطوں پر گفتگو ہوئی۔
اسپیکر نے بارباڈوس پارلیمنٹ کا دورہ بھی کیا اور ایشیائی و جنوب مشرقی ایشیائی ممالک کے وفود سے بھی ملاقاتیں کیں۔ ان نشستوں میں قانون سازی، ادارہ جاتی ترقی اور علاقائی پارلیمانی تعاون جیسے موضوعات زیرِ بحث آئے۔
پنجاب اسمبلی کے وفد نے جمہوریت، نوجوانوں کی شمولیت، خواتین کی نمائندگی اور شفاف طرزِ حکومت جیسے اہم عالمی موضوعات پر بھی اجلاسوں میں حصہ لیا۔
تجزیہ کاروں کے مطابق یہ کامیابی پاکستان کے جمہوری امیج،پارلیمانی اثرورسوخ اور بین الاقوامی روابط کو مضبوط کرنے میں اہم کردار ادا کرے گی۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








