حیدرآباد میں سندھ فوڈ اتھارٹی نے ایک مشہور ہوٹل پر ناقص اور مضر صحت کھانے کی فراہمی پر پانچ لاکھ روپے کا بھاری جرمانہ عائد کر دیا۔
اتھارٹی کے ترجمان کے مطابق یہ کارروائی اچانک چھاپے کے دوران کی گئی، جب ٹیم نے ٹھنڈی سڑک پر واقع ہوٹل کے کچن سے ایکسپائر شدہ اور پھپھوندی لگی اشیاء برآمد کیں۔
معائنہ کے دوران صفائی کی انتہائی ناقص صورتحال بھی دیکھی گئی جبکہ باورچی خانے میں بلیوں کی موجودگی نے صفائی کے معیار پر مزید سوالات اٹھا دیے۔
ترجمان کے مطابق ہوٹل کے عملے نے چھاپہ مار ٹیم کو روکنے اور ان پر حملے کی کوشش بھی کی، جس پر فوری تادیبی کارروائی کی گئی۔
ڈپٹی ڈائریکٹر سندھ فوڈ اتھارٹی حیدرآباد، ڈاکٹر اسد جہانگیر نے تصدیق کی کہ ہوٹل کو پانچ لاکھ روپے جرمانہ عائد کیا گیا ہے اور اسے ہدایت دی گئی ہے کہ تمام ایکسپائر اور آلودہ کھانے کی اشیاء فوری طور پر تلف کی جائیں۔
یہ کارروائی سندھ فوڈ اتھارٹی کی جانب سے عوامی صحت کے تحفظ کے لیے جاری کڑی مہم کا حصہ ہے، جس کا مقصد شہریوں کو معیاری اور محفوظ خوراک کی فراہمی یقینی بنانا ہے۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








