بہترین فلم سمیت 13 ایوارڈز! فلم فیئر 2025 میں لاپتہ لیڈیز کی دھوم

تازہ ترین

تازہ ترین

Laapataa Ladies dominates Filmfare, wins 13 awards including ‘Best Film’ and ‘Best Director’
ONLINE

احمد آباد کے کنارے پر واقع ای کے اے ایرینا میں بالی ووڈ کی سب سے بڑی تقریب 71 ویں فلم فیئر ایوارڈز 2025 شاندار انداز میں منعقد ہوئی جس میں فلمی دنیا کے ستاروں نے اپنے فن اور کامیابیوں کے رنگ بکھیرے۔

تقریب کی میزبانی بالی وڈ کے معروف فنکار شاہ رخ خان، کرن جوہر اور منیش پال نے کی جن کے دلچسپ مکالمے اور لطیفے محفل کو یادگار بناتے رہے۔

اس تقریب کا سب سے نمایاں لمحہ کرن راؤ کی فلم لاپتہ لیڈیز کا تاریخی کامیابی حاصل کرنا تھا۔

 

یہ فلم 13 ایوارڈز جیت کر سال کی سب سے زیادہ ایوارڈ حاصل کرنے والی فلم بن گئی جس نے ماضی میں گلی بوائے کے ریکارڈ کی برابری کردی۔ لاپتہ لیڈیز نے نہ صرف بہترین فلم کا ایوارڈ حاصل کیا بلکہ کرن راؤ کو بہترین ہدایتکار کے اعزاز سے بھی نوازا گیا۔

فلم میں پرتِبھا رنتا، نیتانشی گوئل اور چھایا قدم نے مرکزی کردار ادا کیے ن کی بہترین کارکردگی کو ناقدین اور ناظرین دونوں نے سراہا۔

پرتِبھا رنتا کو بہترین اداکارہ (ناقدین) کا ایوارڈ ملا جبکہ چھایا قدم نے بہترین معاون اداکارہ کا اعزاز حاصل کیا۔ اسی طرح روی کشن نے بہترین معاون اداکار (مرد) کا ایوارڈ اپنے نام کیا۔

مرد اداکاروں کی فہرست میں ابھشیک بچن اور کارتک آریان کو مشترکہ طور پر بہترین اداکار (مرد) کا ایوارڈ دیا گیا جنہوں نے بالترتیب آئی وانٹ ٹو ٹاک اور چندو چیمپئن میں شاندار اداکاری کی۔ بہترین اداکارہ (خواتین) کا ایوارڈ عالیہ بھٹ کے حصے میں آیا جنہیں فلم جِگرا میں عمدہ کارکردگی پر سراہا گیا۔

دیگر اہم ایوارڈز میں آئی وانٹ ٹو ٹاک کے لئے شوِجت سرکار کو ناقدین کی جانب سے بہترین فلم کا ایوارڈ دیا گیا۔ اس کے علاوہ ادتیہ دھر اور مونال ٹھاکر کو آرٹیکل 370 کے لئے بہترین کہانی کا ایوارڈ ملا جبکہ لاپتہ لیڈیز کے لئے سنیہاڈیسائی نے بہترین اسکرین پلے اور مکالمے کا ایوارڈ حاصل کیا۔

موسیقی کے شعبے میں بھی لاپتہ لیڈیز نے سب کو پیچھے چھوڑ دیا۔ رام سمپت نے بہترین میوزک البم اور بہترین پس منظر موسیقی کا ایوارڈ حاصل کیاجب کہ پرشانت پانڈے کو گیت سجنی کے لیے بہترین نغمہ نگار کا اعزاز دیا گیا۔

اسی گیت کے لیے اریجیت سنگھ نے بہترین پلے بیک سنگر (مرد) کا ایوارڈ جیتا۔ خواتین گلوکاروں میں مدھو بانتی باگچی کو آج کی رات (فلم ستری 2) پر بہترین گلوکارہ قرار دیا گیا۔

نئے چہروں میں نیتانشی گوئل (لاپتہ لیڈیز) اور لکش (کل) نے بہترین ڈیبیو اداکارہ اور اداکار کے ایوارڈز جیتے جبکہ کنال کھیمو (مدگاؤں ایکسپریس) اور آدتیہ سوہاس جمبھالے (آرٹیکل 370) کو بہترین ڈیبیو ہدایتکار قرار دیا گیا۔

تقریب میں فلمی دنیا کے دو عظیم نام زینت امان اور شیام بینگل کو لائف ٹائم اچیومنٹ ایوارڈز سے نوازا گیا جبکہ دلیپ کمار، نوتن اور مینا کماری کو سین آئی کون ایوارڈ کے ذریعے خراجِ عقیدت پیش کیا گیا۔

یوں لاپتہ لیڈیز نے اپنی شاندار کارکردگی، کہانی، اداکاری اور موسیقی کے بل بوتے پر اس سال کے فلم فیئر ایوارڈز کو مکمل طور پر اپنے نام کر لیا اور بھارتی فلم انڈسٹری میں ایک نیا سنگ میل قائم کر دیا۔

Related Posts