لاہور اور مضافاتی علاقوں میں جاری احتجاجی مظاہروں کے باعث ایک بار پھر تین بڑی موٹر ویز کو دونوں سمتوں سے بند کر دیا گیا ہے جس کے نتیجے میں شہر بھر میں ٹریفک کا نظام شدید متاثر ہوا ہے۔
محکمہ داخلہ پنجاب کے مطابق لاہور تا اسلام آباد موٹر وے (ایم ٹو)، لاہور تا عبدالحکیم موٹر وے (ایم تھری)، اور لاہور تا سیالکوٹ موٹر وے (ایم الیون) پر دونوں سمتوں سے ٹریفک کی آمدورفت معطل کر دی گئی ہے۔

شہریوں کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ ان راستوں کے بجائے متبادل راستے استعمال کریں اور غیر ضروری سفر سے گریز کریں۔
شہر کے اندر بھی متعدد مرکزی سڑکوں کو ٹریفک کے لیے بند کر دیا گیا ہے جن میں ٹھوکر نیاز بیگ سے بابو صابو، مانگا منڈی، ایوانِ عدل سے پی ایم جی تک کا راستہ، کروڑ گھاٹی رنگ روڈ، چونگی دوگیج اور دیگر اہم شاہراہیں شامل ہیں۔
ان بندشوں کے باعث لاہور کے بیشتر علاقوں میں ٹریفک جام کی صورتحال پیدا ہوگئی ہے۔
انتظامیہ نے شہریوں کو مشورہ دیا ہے کہ وہ سرکاری ذرائع سے ٹریفک کی تازہ صورتحال سے آگاہ رہیں اور اپنی منزل کے لیے روانگی سے قبل متبادل راستے طے کرلیں۔
لاہور ٹریفک پولیس نے شہریوں کے لیے ہیلپ لائن 15 پر فوری معلومات فراہم کرنے کا نظام فعال کر دیا ہے۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








