برطانیہ میں کیمبرئین پیٹرول 2025 مقابلے میں پاک فوج نے گولڈ میڈل حاصل کرلیا

تازہ ترین

تازہ ترین

Cambrian Patrol 2025: Pakistan Army wins gold medal at military competition in UK
ONLINE

برطانیہ میں منعقد ہونے والے بین الاقوامی عسکری مقابلے کیمبرئین پیٹرول 2025 میں پاکستان آرمی نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے گولڈ میڈل اپنے نام کر لیا۔ اس کامیابی کو پاک فوج اور قوم کے لیے ایک تاریخی اور فخر کا لمحہ قرار دیا جا رہا ہے۔

یہ عالمی سطح پر تسلیم شدہ سالانہ مشق 3 سے 13 اکتوبر تک ویلز کے پہاڑی علاقوں میں منعقد ہوئی جسے دنیا کے سخت ترین فوجی مقابلوں میں شمار کیا جاتا ہے۔

اس دوران شرکاء کو تقریباً 60 کلومیٹر طویل دشوار گزار راستہ صرف 48 گھنٹوں میں طے کرنا ہوتا ہے، ساتھ ہی جنگی حالات میں متعدد حکمتِ عملی، فیلڈ ٹاسک، اور خصوصی مشن سرانجام دینے ہوتے ہیں۔

کیمبرئین پیٹرول کی اس 66ویں ایڈیشن میں 36 ممالک کی 137 ٹیموں نے حصہ لیا۔ پاکستان آرمی کی ٹیم کی قیادت کیپٹن محمد سعد نے کی، جن کی قیادت میں ٹیم نے اعلیٰ تربیت، بہترین حکمتِ عملی اور شاندار ٹیم ورک کے بل پر گولڈ میڈل حاصل کیا۔

آئی ایس پی آر کے مطابق پاکستان آرمی نے ویلز، برطانیہ میں منعقدہ کیمبرئین پیٹرول 2025 میں گولڈ میڈل جیت کر ایک بار پھر اپنی پیشہ ورانہ مہارت اور اعلیٰ تربیتی معیار کا لوہا منوایا ہے۔ یہ پوری قوم کے لیے باعثِ فخر لمحہ ہے۔

فوج کے ترجمان نے مزید کہا کہ اس ایونٹ میں دنیا بھر کی افواج کے درمیان سخت مقابلہ رہا، جہاں شرکت کرنے والی ٹیموں کا جائزہ حکمتِ عملی، جسمانی برداشت، اور ٹیم ورک کی بنیاد پر لیا گیا۔

برطانوی فوج کی جانب سے 1959 سے ہر سال منعقد ہونے والی یہ مشق فوجی پیٹرولنگ کی اولمپک گیمزکے طور پر جانی جاتی ہے جس میں نیٹو اور غیر نیٹو ممالک کے فوجی دستے حصہ لیتے ہیں۔ اس کا مقصد جنگی مہارت، قیادت، نیوی گیشن اور نظم و ضبط کو جانچنا ہوتا ہے۔

پاکستان آرمی کی یہ جیت نہ صرف عالمی سطح پر اس کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں کی توثیق ہے بلکہ یہ ثابت کرتی ہے کہ پاکستانی فوج ہر میدان میں ملک کا پرچم بلند رکھنے کی اہلیت رکھتی ہے۔

Related Posts