غزہ امن معاہدہ! حماس نے 20 اسرائیلی یرغمالیوں کو رہا کردیا، اسرائیل نے 1700 سے زائد فلسطینی قیدیوں کی رہائی شروع کردی

تازہ ترین

تازہ ترین

Gaza peace deal: Hamas releases 20 hostages as Israel frees over 1,700 prisoners
ONLINE

غزہ میں تاریخی امن معاہدے کے تحت فلسطینی مزاحمتی تنظیم حماس نے 20 اسرائیلی یرغمالیوں کو رہا کردیا ہے جبکہ دوسری جانب اسرائیل نے 1700 سے زائد فلسطینی قیدیوں کو رہائی دینے کا عمل شروع کردیا ہے۔

عرب میڈیا کے مطابق حماس نے یرغمالیوں کی رہائی دو مراحل میں مکمل کی، پہلے مرحلے میں 7 اور دوسرے مرحلے میں 13 اسرائیلیوں کو آزاد کیا گیا۔

اسرائیلی میڈیا کے مطابق حماس آج مزید 28 یرغمالیوں کی لاشیں بھی اسرائیل کے حوالے کرے گی جبکہ دوسری جانب اسرائیلی جیلوں سے 1700 فلسطینی قیدی بسوں کے ذریعے غزہ اور مغربی کنارے کی جانب روانہ ہو چکے ہیں۔

عرب ذرائع کا کہنا ہے کہ رہائی پانے والے فلسطینی قیدیوں کو جنوبی غزہ کے النصر اسپتال منتقل کیا جائے گا، جہاں ان کا طبی معائنہ اور علاج معالجہ کیا جائے گا۔

اس دوران غزہ امن معاہدے پر دستخط کی باضابطہ تقریب آج مصر کے شہر شرم الشیخ میں منعقد ہوگی جس میں دنیا کے مختلف ممالک کے سربراہان شرکت کر رہے ہیں۔

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ اور پاکستان کے وزیراعظم شہباز شریف سمیت متعدد عالمی رہنما اس تقریب میں شریک ہوں گے۔

یہ معاہدہ غزہ میں جاری طویل جنگ اور انسانی بحران کے خاتمے کی جانب ایک اہم پیش رفت قرار دیا جا رہا ہے، جسے مشرقِ وسطیٰ میں قیامِ امن کے لیے ایک نئی امید کے طور پر دیکھا جا رہا ہے۔

Related Posts