جمعیۃ علماء ہند کے تلنگانہ و آندھرا پردیش کے صدر ممتاز عالمِ دین اور سماجی کارکن مولانا حافظ پیر شبیر احمد کا انتقال کرگئے۔مولانا حافظ پیر شبیر احمد نے متحدہ آندھرا پردیش کی قانون ساز کونسل کے رکن کی حیثیت سے انہوں نے مسلمانوں کے تعلیمی، سماجی اور معاشی مسائل کے حل کے لیے موثر آواز بلند کی۔
جماعت اسلامی ہند تلنگانہ کے امیر محمد اظہرالدین نے مولانا حافظ پیر شبیر احمد کے انتقال پر گہرے رنج و غم کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ مولانا ایک مخلص، باعمل اور انسان دوست عالم دین تھے جنہوں نے اپنی پوری زندگی دین کی خدمت، ملت کی رہنمائی اور انسانیت کی بھلائی کے لیے وقف کر دی تھی۔
اظہرالدین نے کہا کہ مولانا کی شخصیت اخلاص، علم، تقویٰ اور استقامت کا نمونہ تھی۔ وہ جمعیت العلماء ہند کے پلیٹ فارم سے کئی دہائیوں تک نہ صرف تلنگانہ و آندھرا بلکہ پورے ملک میں دینی، تعلیمی، اصلاحی اور سماجی سرگرمیوں میں نمایاں کردار ادا کرتے رہے۔
مولانا مرحوم نے رکن قانون ساز کونسل اور حج کمیٹی کے صدرنشین کی حیثیت سے بھی مسلمانوں کے مسائل کے حل میں سرگرم کردار ادا کیا۔ انہوں نے فرقہ وارانہ ہم آہنگی، ملی اتحاد اور دین اسلام کے فروغ کے لیے جو خدمات انجام دیں وہ ہمیشہ یاد رکھی جائیں گی۔
اظہرالدین نے اپنے بیان میں کہا کہ مولانا کی رحلت سے ملت اسلامیہ ایک بڑے رہنما، شفیق بزرگ اور بے لوث قائد سے محروم ہو گئی ہے اور ان کا خلا آسانی سے پُر نہیں ہو سکے گا۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








